کرپشن کیخلاف بل پر حکومت نے ساتھ دیا تو تحریکیں شاید رک جائیں: خورشید شاہ
سکھر (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں وفاقی حکومت نے مداخلت کی، خوف و ہراس بھی تھا، ہار جیت کسی پارٹی کیلئے کوئی مسئلہ نہیں، آزاد کشمیر کے الیکشن کو چیلنج کرنا پارٹی کا کام ہے، پی پی نے آزاد کشمیر میں کافی تعداد میں ووٹ لئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دبئی میں میٹنگ پہلی بار نہیں بلکہ ہوتی رہتی ہے، اسحاق ڈار کا دبئی میں بزنس ہے اور وہ دورے کرتے رہتے ہیں، آصف زرداری سے ملاقات کا علم نہیں، رینجرز کا ہیڈکوارٹر سندھ میں ہر جگہ ہے، جب اور جہاں ضرورت پڑتی ہے رینجرز کو بلا لیا جاتا ہے۔ رینجرز ہیڈکواٹر لاڑکانہ، سکھر، میرپور خاص اور سکھر میں بھی ہے۔ حکومت کے لوگ غریب اور ڈرے ہوئے ہیں۔ کراچی کی صورتحال خراب ہوئی تو رینجرز کو لایا گیا، رینجرز کو پولیس کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہئے۔ اندرون سندھ رینجرز کو اختیارات حاصل نہیں۔ کراچی میں بدقسمتی سے امن و امان کی خراب صورتحال پر رینجرز کو بلایا گیا، پانامہ لیکس پر اپوزیشن نے کرپشن کے خلاف پارلیمنٹ میں بل لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرپشن کیخلاف بل پر حکومت نے ساتھ دیا تو جو تحریکیں چل رہی ہیں شاید رک جائیں، اپوزیشن کا بل منظور نہ ہوا تو پی پی اپوزیشن کیساتھ ملکر راستہ نکالے گی، ملکر طے کریں گے آخر ہمیں کیا کرنا چاہئے، ملک میں کرپشن نے کینسر کا روپ دھار لیا ہے، حکمرانوں میں کرپشن بڑھ رہی ہے۔ وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو عہدے سے ہٹانے کے سوال پر کہا مجھے علم نہیں۔ آئی این پی کے مطابق خورشید شاہ نے ناروے کی نوبل کمیٹی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے عبدالستار ایدھی کو نوبل انعام دیا جائے، عبدالستار ایدھی نے ساری زندگی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کی۔ خورشید شاہ نے آزاد کشمیر انتخابات میں شکست کا غصہ عوام پر نکالتے ہوئے کہا کشمیریوں کو سیاست پیاری ہے مقبوضہ وادی کی آزادی نہیں۔