سعودی ریٹائرڈ جنرل کی اعلیٰ اسرائیلی عہدیدار سے ملاقات، امن کو ششوں پر گفتگو
مقبوضہ بیت المقدس (بی بی سی) اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے ریٹائرڈ جنرل اور تھنک ٹینک کے سربراہ کی اسرائیل میں ایک اعلیٰ اہلکار سے ملاقات ہوئی ہے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فوج کے سابق جنرل انور اشکی کی اسرائیلی وزاتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈور گولڈ سے مقبوضہ بیت المقدس کے ایک ہوٹل میں ملاقات ہوئی ہے۔ خیال رہے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ اے پی کے مطابق سابق جنرل جدہ میں واقع ایک تھنک ٹینک کے سربراہ ہیں اور خیال کیا جاتا ہے کہ انکے سعودی شاہی خاندان سے قریبی تعلقات ہیں۔ اے پی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیانی سفارتی تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے سابق جنرل کو اسرائیل کے دورے کیلئے سعودی حکومت کی اجازت حاصل کی ہو گی۔ سعودی عرب نے اسرائیل کے ہسمایہ ممالک سے جامع امن سمجھوتے کی تجویز پیش کی تھی۔ اختلافات کے باوجود بھی سعودی عرب اور اسرائیل ایک طویل عرصے سے مشترکہ طور پر خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور فوجی صلاحیت کے متعلق تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق سابق سعودی جنرل نے گذشتہ ہفتے کے دوران اسرائیل کا دورہ کیا اور ان کے وفد میں کاروباری افراد اور تعلیمی ماہرین بھی شامل تھے۔ اخبار نے سعودی وفد کی تصویر کے ساتھ مزید بتایا کہ سابق جنرل کی خطے میں امن کی کوشش کے سلسلے میں وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کے علاوہ علاقے(غرب اردن) میں اسرائیلی حکومت کی سرگرمیوں کے رابط کار میجر جنرل کے علاوہ پارلیمان کے متعدد ارکان سے ملاقات ہوئی۔ سعودی وفد نے رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سمیت دیگر اہلکاروں سے بھی ملاقات کی۔ اخبار کے مطابق سابق سعودی جنرل نے اسرائیلی حکام سے سرکاری دفاتر میں ملاقاتیں کرنے کی بجائے مقبوضہ بیت المقدس کے ایک ہوٹل میں ملاقات کی۔