تحریک انصاف آج نیب ہیڈکوا رٹرکے سامنے احتجاج، اسحاق ڈار کیخلاف پٹیشن دائر کریگی
اسلام آباد (آن لائن+ این این آئی) تحریک انصاف نے اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں باضابطہ پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ مرکزی قائدین آج نیب میں پٹیشن دائر کریں گے۔ ماہرین قانون پٹیشن کی تیاری کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے کہا ہے تحریک انصاف وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں آج باضابطہ پٹیشن دائر کرے گی۔ تحریک انصاف آج نیب ہیڈ کوارٹر کے سامنے احتجاج بھی کرے گی۔ ترجمان نے کہا حکومت نے اشتعال انگیزی کی تو نتائج کی ذمہ دار خود ہو گی۔ این این آئی کے مطابق نعیم الحق نے کہا ہے موجودہ حالات میں جمہوریت کو وزیراعظم نواز شریف سے خطرہ ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا نواز شریف پانامہ لیکس کے حقائق کو چھپانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا وزیراعظم نے اپنی بیماری کے حوالے سے بھی عوام سے جھوٹ بولا اور ہسپتال سے غلط بیان جاری کرایا۔ ہمارے پاس لندن سے کافی معلومات آئی ہیں، نواز شریف کی کوئی اوپن ہارٹ سرجری نہیں ہوئی۔ حکومت نے مزید معاملے کو طول دی اور قوم سے حقائق کو چھپائے رکھا تو اس کے نتائج خود ان کے سامنے ہوں گے۔ عمران خان کی جانب سے 7 اگست سے حکومت مخالف تحریک چلانے سے متعلق بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا اس حوالے سے حکمتِ عمل مرتب کی جا چکی ہے اور اگست کے پہلے ہفتے میں ہم اس کے مقام کے حوالے سے بھی آگاہ کر دیں گے۔