لاہور :اورنج لائن ٹرین منصوبے پر کام کے دوران ڈمپر کی رکشہ موٹر سائیکل کو ٹکر باپ بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق
لاہور (سٹاف رپورٹر+ خبرنگار + خصوصی نامہ نگار) تھانہ باغبانپورہ کے علاقہ داروغہ والا میں اورنج لائن ٹرین منصوبے پر کام کے دوران تیز رفتار ڈمپر کی رکشہ اور موٹر سائیکل کو ٹکر سے 12 سالہ بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ خاتون سمیت 5 افراد شدید زخمی ہیں جن میں سے 2کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں باپ بیٹا بھی شامل ہے۔ نعشیں گھروں میں پہنچنے پر کہرام مچ گیا‘ عزیز و اقارب اور رشتہ دار دھاڑیں مار کر روتے رہے‘ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ڈمپر کے مبینہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ معلوم ہوا ہے کہ اقبال ٹائون کا رہائشی شیخ فاروق اپنے چچا شہزاد اور ان کے 2 بیٹوں کے ہمراہ جا رہے تھے کہ اسی دوران بجری سے بھرے ڈمپر نے ان کی موٹر سائیکل اور رکشہ کو ٹکرمار دی جس سے شبیر اس کا 12 سالہ بیٹا عبداللہ، شہزاد اور ملازم حسین موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ عارف، وسیم، شمیم بی بی اور رزاق وغیرہ شدید زخمی ہیں۔ متوفی اقبال ٹائون اور مومن پورہ کے رہائشی تھے۔ جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین نے روڈ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کردی۔ مظاہرین نے ڈمپر ڈرائیور اور ذمہ داروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے جس پر پولیس نے جاں بحق ہونیوالے شہزاد کے کزن کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا جبکہ نوری خان نامی شخص کو ڈمپر کا ڈرائیور ظاہر کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے تفتیش جاری ہے اور تفتیش کے بعد ہی حقائق سامنے آسکیں گے تاہم عینی شاہدین کے مطابق ڈمپر کے ڈرائیور نے انتہائی تیزرفتاری اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کی جس سے وہاں موجود افراد نے بھاگ کر جانیں بچائیں۔ اس افسوسناک واقعہ پر پورا علاقہ افسردہ ہو گیا۔ خبرنگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے داروغہ والا کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں انتظامیہ اور پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور حادثہ کے ذمہ دار ڈرائیور کیخلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے واضح کیا ہے دراوغہ والا کے قریب چنگ چی رکشے کو ٹکر مارنے والے ڈمپر کا اورنج لائن منصوبے سے کوئی تعلق نہیں، رمضان اینڈ کمپنی کا ڈمپر دو موریہ پل کے قریب زیر تعمیر پلازہ سے مٹی نکال کر ڈمپ کرنے کے لئے استعمال ہو رہا تھا۔