• news

مسلمانوں پر پابندی میں توسیع کردی، پیچھے نہیں ہٹا: ٹرمپ

واشنگٹن (اے ایف پی) ریپبلیکن امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کو ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن سے نکالا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکہ کے صدر بنے تو حالیہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے فرانس اور دیگر ممالک سے آنے والوں کی چیکنگ سخت کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اور جرمنی میں دہشت گردی ہورہی ہے اور یہ دونوں ملک دہشت گردی کے معاملے پر کمپرومائز کرچکے ہیں اور اسکی وجہ انکی اپنی غلطی ہے کیونکہ انہوں نے لوگوں کو اپنے علاقے میں آنے کی اجازت دی ہے۔ ٹرمپ نے زور دیتے ہوئے امریکہ کو حملوں کے خطروں سے محفوظ رکھنے کیلئے ایسے ممالک سے آنیوالے پر چیکنگ سخت کرنے کا مطالبہ کیا۔ ٹرمپ نے مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر عارضی پابندی کے حوالے سے اپنے بیان سے پیچھے ہٹنے کی پالیسی اپنانے کی بھی نفی کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی بات سے دستبردار نہیں ہوا بلکہ اب میں نے اس پالیسی کو مزید علاقوں تک توسیع دیدی ہے۔ میں نے جب مسلمانوں کا لفظ استعمال کیا تو لوگوں کو پریشانی ہوئی۔ اب میں مسلمانوں کی بجائے علاقے کی بات کر رہا ہوں۔ یاد رکھئے ہمارا آئین عظیم ہے لیکن یہ ہمیں خود کشی کرنے کا حق نہیں دیتا۔ دوسری طرف امریکی صدر باراک اوباما نے ٹرمپ کی جانب سے نیٹو میں باہمی مشترکہ دفاعی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ٹرمپ کے پاس تیاری کی کمی ہے جس کا اظہار وہ خارجہ پالیسی پر گفتگو میں کر رہے ہیں۔ خیال رہے ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ ذمہ داریاں پوری نہ کرنے والے نیٹو اتحادی پر حملہ ہوا تو امریکہ اس کی مدد کو نہیں آئے گا۔ واضح رہے نیٹو معاہدے کے مطابق ایک ملک پر حملہ تمام ملکوں پر حملہ تصور ہوتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن