• news

سراج الحق کی عمران، خورشید شاہ ملاقاتیں کشمیر اے پی سی کا دعوت نامہ دیا

اسلام آباد+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے کرپشن کیخلاف بھرپور جدوجہد پر اتفاق کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے عمران خان کو کشمیر آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی سراج الحق نے اس موقع پر کہا کہ مسئلہ کشمیر پر مشترکہ قومی موقف کی ضرورت ہے۔ پاناما لیکس کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ سراج الحق نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات کی۔ جس میں کشمیر پر اے پی سی سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے خورشید شاہ کو 29 جولائی کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہترین تعلقات ضروری ہیں ،دونوں ممالک کے پاس دوستی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، اگر مسائل پیدا ہوتے ہیں تو دونوں کو نقصان ہوگا۔بارڈر کرائسسز کے بعدبات چیت کا آغازمثبت اقدام ہے۔افغانستان میں پائیدار امن ضروری ہے اور ہم امن و امان کے حوالے سے افغان عوام کو سپورٹ کریں گے۔ قوم جلد ازجلد کشمیر کوپاکستان کا حصہ اور کشمیری مسلمانوںکو بھارتی ظلم و جبر سے آزاددیکھنا چاہتی ہے حکمران گزشتہ 70سال سے محض دعوئوں اور نعروں سے عوام کودھوکہ دے رہے ہیں۔کشمیر پر متفقہ قومی موقف اور پھر قومی ایکشن پلان کی طرح اس پر عمل درآمدسے ہی کشمیر کو بھارتی قبضے سے آزاد کرایا جاسکتا ہے۔29جولائی کو اسلام آباد میں کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کے حل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔کشمیر کا مسئلہ پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔کشمیر کی آزادی تکمیل پاکستان کیلئے ضروری ہے۔حکمرانوں نے 70سال میں پاکستان کیلئے بہنے والے خون کی پرواہ نہیں کی ،لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان کے لیے جانیں نچھاور کیں اور ہزاروں کی تعداد میں اب بھی بھارت کی جیلوں اور عقوبت خانوں میں بدترین تشدد اور اذیت کو برداشت کررہے ہیں۔بھارتی فوج نے درندگی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں لیکن انسانی حقوق کے عالمی اداروں نے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی بنا پر بھارت کے خلاف کوئی آواز نہیں اٹھا ئی، یہی ادارے مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کی علیحدگی کیلئے انتہائی سرعت سے سارے معاملات نپٹاتے ہیں اور جب کشمیر اور فلسطین کی بات ہوتی ہے تویہ گونگے بہرے بن جاتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن