الیکشن کمشن ارکان کے حالات زندگی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پنجاب سے منتخب ہونے والے الیکشن کمشن کے رکن جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی 6 مارچ 1953ء کو ملتان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے 1972ء میں گریجویشن اور گیلانی لاء کالج ملتان سے 1976ء میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے تاریخ میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے 1979ء سے ماتحت عدلیہ میں بطور وکیل اپنے کام کا آغاز کیا۔ وہ بار کے الیکشن میں بھی حصہ لیتے رہے اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے بلامقابلہ نائب صدر منتخب ہوئے۔ وہ دو مرتبہ پنجاب بار کونسل کے دو مرتبہ ممبر بھی رہے۔ وہ دو بار پنجاب کونسل کی انضباطی کمیٹی کے چیئرمین رہے۔ وہ 2011ء میں لاہور ہائی کورٹ سے منسلک ہوئے اور 2015ء میں ریٹائر ہوئے۔ خیبر پی کے سے نئی ممبر جسٹس (ر) ارشاد قیصر 21 مارچ 1954ء کو پشاور میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے گومل یونیورسٹی سے 1976ء میں قانون کی ڈگری حاصل کی اور 1977ء میں ماتحت عدلیہ میں بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئیں۔ 1979ء میں ہائی کورٹ اور 1993ء میں سپریم کورٹ میں بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئیں۔ وہ 20 جولائی 2012ء کو ہائی کورٹ کی ایڈیشنل جج بنیں۔ وہ 19 مارچ 2016ء میں ریٹائر ہوئیں۔ جسٹس (ر) ارشاد قیصر خیبر پی کے کی تاریخ میں دوسری خاتون ڈسٹرکٹ و سیشن جج رہیں۔ وہ دوران ملازمت احتساب عدالت کی چھ سال تک جج رہیں۔ مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ و سیشن جج کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ سپیشل جج کسٹم اور اینٹی سمگلنگ کے علاوہ محکمہ قانون میں سیکشن افسر بھی رہیں۔ بلوچستان سے نامزد ممبر جسٹس (ر) شکیل بلوچ 2013ء میں ہائی کورٹ میں بطور جج تعینات ہوئے اور یکم اگست کو 62 سال کی عمر میں ریٹائر ہوئے۔ وہ بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی بھی رہے ہیں۔ سندھ سے نئے ممبر عبدالغفار سومرو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے آفیسر رہے ہیں اور وہ وفاقی سیکرٹری برائے صنعت و پیداوار اور نجکاری کمیشن رہے ہیں۔ رکن الیکشن کمشن پنجاب جسٹس (ر)الطاف ابراہیم قریشی ملتان سے تعلق ر کھتے ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے پنجاب کیلئے جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی کو ممبر الیکشن کمشن پنجاب کو نامزد کیاگیا ہے جو ملتان کے معروف قانون دان حا جی مشتاق احمد عاقل مرحوم کے صاحبزادے ہیں۔