• news

چودھری عبدالمجید نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی صدارت سے استعفیٰ دیدیا

مظفر آباد+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری عبدالمجید نے پارٹی صدارت سے استعفیٰ دیدیا۔ چودھری عبدالمجید نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں پارٹی شکست کواپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے استعفیٰ دیا۔ چودھری عبدالمجید نے استعفیٰ بلاول بھٹو کو بھجوا دیا ہے چودھری عبدالمجید کا کہنا تھا پانچ سال وزیراعظم رہنے کے باوجود آزاد کشمیر میں پارٹی کو نہ جتوا سکا۔ ذرائع کے مطابق چودھری یٰسین کو پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے انتخابی نتائج کو مسترد کردیا۔ چودھری مجید کا کہنا ہے جلد وائٹ پیپر شائع کر کے دھاندلی کے حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔ مظفرآباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری عبدالمجید کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) نے جماعت اسلامی کیساتھ ملکر آئی جے آئی ماڈل کی سائنٹفک دھاندلی کی ہے جس کے حقائق ثبوت کے ساتھ جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔ چودھری مجید کا کہنا تھا کہ وہ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ آل پارٹیز کانفرنس بھی بلائیں گے۔ چوہدری مجید کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے پاناما لیکس کے مسئلہ سے توجہ ہٹانے اور اپنی جعلی مقبولیت ظاہر کرنے کیلئے آزاد کشمیر کے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا۔ آئی این پی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر انتخابات میں شکست پر صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید سے استعفیٰ طلب کرلیا‘ چودھری عبدالمجید نے استعفیٰ بلاول بھٹو کو بھجوا دیا۔ پیر کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کو ٹیلیفون کیا اور انتخابات میں پارٹی کی شکست اور ناقص کارکردگی پر استعفیٰ طلب کیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی طرف سے چوہدری یاسین کو پیپلز پارٹی آزادکشمیر کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چودھری عبدالمجید نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کے الیکشن میں سائنٹیفک طریقے سے دھاندلی کی کشمیر کونسل کے فنڈز اورحکومتی سیکرٹ فنڈز سے عوام کا مینڈیٹ چھینا گیا۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل چوہدری لطیف اکبر کی سربراہی میں 9 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی گئی ہے جو رپورٹ تیار کرکے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو پیش کی جائیگی۔ پیپلز پارٹی کے ارکان کا حلف اٹھانے کا فیصلہ پارٹی ہائی کمان کریگی، میں ذاتی طور پر حلف اٹھانے کیخلاف ہوں۔ الیکشن میں پاک آرمی کا رول نیوٹرل رہا جس پر پاک آرمی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن