• news

26 افراد کو قتل کیا: کراچی میں گرفتار سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر کا اعتراف

کراچی (آئی این پی ) ٹارگٹ کلراور سیاسی جماعت کے کارکن عمران سعید نے دوران تفتیش 26 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کر لیا۔ تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم نے 26 افراد کے قتل کا اعتراف کیا جن میں پولیس اہلکاروں سمیت مذہبی جماعتوں کے کارکن بھی شامل ہیں۔ ملزم عمران سعید کے مطابق وہ ایک سیاسی جماعت کے سیکٹر انچارج کے کہنے پر ٹارگٹ کلنگ کرتا تھا۔ تفتیشی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ملزم سانحہ عاشورہ کے بعد جلاؤگھیراؤ میں ملوث تھا۔ وہ 9اپریل 2008کو کراچی میں ہونے والے سانحہ طاہر پلازہ میں بھی ملوث ہے جس میں آتش گیر مادہ پھینک کر وکلا کے دفاتر جلا دیئے گئے تھے۔ ملزم عمران سعید سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کا ٹارگٹ کلر ہے اور اسے قانون نافذ کرنے والے ادارے نے گرفتار کیا تھا۔ دوسری جانب فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم جماعت کے ٹارگٹ کلر سرفراز نے بھی دوران تفتیش اہم انکشافات کئے ہیں۔ دہشتگرد نے پولیس اہلکاروں، ٹریفک پولیس اہلکاروں اور نجی ٹی وی چینل کے تین افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔ دہشتگرد نے سال 2013 میں نکل پالش کا کام کرنے والے باپ اور بیٹے کو فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل کیا۔ ملزم نے 2014 میں اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ کے علاقے میں غنی عرف گنجا ماما کو قتل کیا۔

ای پیپر-دی نیشن