لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے جاری جلوموڑ پر سڑک بلاک فیروزوالا :لیسکوآفس میں توڑ پھوڑ
لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا جبکہ کاروبار بھی شدید متاثر رہا۔ گزشتہ روز بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ لاہور میں جلو موڑ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین نے سڑک بلاک کر کے نعرے بازی کی فیروزوالا میں مظاہرے کے دوران لیسکو آفس میں توڑ پھوڑ کی گئی اور ریکارڈ کو آگ لگا دی گئی۔ ساہیوال / سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز احتجاجی جلوس نکالا اور فاروقہ روڈ پر فیسکو آفس کے سامنے دھرنا دیکر ٹریفک بلاک کردی۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق شرقپور خورد، کوٹ عبدالمالک اور ملحقہ علاقوں میں مسلسل لوڈشیڈنگ پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے لاہور شیخوپورہ روڈ پر رکاوٹ کھڑی کرکے ٹریفک بلاک کردی۔ کئی گھنٹے ٹریفک بند رہنے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں نے لیسکو کیخلاف نعرے بازی کی۔ ادھر فیروزوالا میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ مشتعل ہجوم نے لیسکو کے فیض پور سب ڈویژن میںگھس کر توڑ پھوڑ کی اور ریکارڈ کو آگ لگا دی۔ واپڈا ملازمین نے چھپ کر خود کو بچایا۔ مظاہرین نے زبردست نعرہ بازی کی۔ منڈی بہائوالدین سے نامہ نگار کے مطابق پریس کلب کے باہر مظاہرین شدید احتجاج ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کر دیا واپڈا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی کے علاقہ کرتو ور پنڈوی میں دو روز سے بجلی کی بند پر مشتعل دیہاتیوں نے لیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ نمائندگان کے مطابق پ نڈی بھٹیاں میں بجلی کی چار چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ مصطفی آباد میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک کر دیاگیا۔ انجمن تاجران نے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ کرنے پر احتجاج کی کال دے دی۔ کوٹ رادھا کشن میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ 16 گھنٹے سے تجاوز کر گئی۔ ادھر ننکانہ صاحب میں سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے روزانہ 18 گھنٹے سے زائد سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا گھروں میں خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا رہا۔ علاوہ ازیں ہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 17 گھنٹے جبکہ دیہات میں 20 گھنٹے سے بھی تجاوز کر جانے کے باعث کاروبار زندگی بری طرح تباہ ہو کر رہ گئی۔ پھول نگر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔ شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق آلہ آباد اور کنگن پور میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا اور شٹرڈائون کیا گیا۔ الہ آباد کے نواحی گاوں مراٹیاں میں کئی روز سے خراب بجلی کا ٹرانسفارمر درست نہ ہونے اوربجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر مکینوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کر دیا۔ لیسکو کے خلاف نعرہ بازی کی۔ اس کے علاوہ کنگن پور میں تاجروں نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شٹر ڈائون کیا۔ علاوہ ازیں قصور میں 6 گھنٹے کی بجائے 10 گھنٹے اور دیہاتوں میں لوڈشیڈنگ 8 گھنٹے کی بجائے 14 گھنٹوں سے تجاوز کر گئی۔ شیخوپورہ سے ہمارے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں شدید گرمی اور حبس کے اس موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے محلہ ہنجرانوالہ پرانا شہر طارق روڈ اور دیگر علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔ ادھر کامونکے اور سادھوکے میں طویل لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ صباح نیوز کے مطابق پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک کے کسی حصے میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ منگل کے روز گوجر خان میں صحافیوں سیگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی کی صورتحال میں بہتری کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔