فیصل آباد: گھریلو جھگڑے پر فائرنگ کر کے ماں اور چھوٹے بھائی کو قتل کردیا
فیصل آباد( نمائندہ خصوصی) بد بخت بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنی ماں اور 25سالہ چھوٹے بھائی کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی سمندری کے علاقہ چک نمبر466گ ب کے رہائشی بوٹا کے بیٹے اکبر کی 4ماہ قبل شادی ہوئی تھی ‘ گزشتہ روز گھریلو جھگڑے کے دوران مشتعل ہو کر ملزم اکبر نے گولیاں مار کر اپنی 55سالہ ماں رفیقاں بی بی اور 25 سالہ بھائی اسلام کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہوگیا ‘ دونوں زخمی ماں بیٹا گھر کے صحن میں تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئے۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کرکے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ سمندری سے نامہ نگار کے مطابق ملزم محمد اکبر کے والد محمد بوٹا نے بتایا کہ اسکے بیٹے اکبر کی اپنی بیوی کیساتھ بھی نہیں بنتی تھی اور گھر والوں کیلئے بھی جھگڑا رہتا تھا۔ گزشتہ روز بھی اسکی بیوی کو اسکی ماں کیساتھ بھیج دیا، اس پر میں نے اکبر کو بھی گھر سے نکل جانے کو کہا جس پر اس نے سوتے میں اپنی ماں اور بھائی کو قتل کردیا۔