پاکستان کے جمہوری نظام کی حمایت کرتے ہیں :تھریسا مے تمام شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے :نواز شریف
لاہور + اسلام آباد (خبر نگار) وزیراعظم محمد نواز شریف نے برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کو تمام شعبوں میں قریبی دوطرفہ تعلقات کے حصول کیلئے ان کے ساتھ کام کرنے اور اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے نواز شریف نے انہیں برطانیہ کی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تھریسا مے کی بطور وزیراعظم تقرری برطانوی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی برطانوی وزیراعظم کی قیادت اور وژن کے تحت برطانیہ مزید مضبوط ہو گا اور عالمی امور میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ ان کی طویل وابستگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا روایتی اتحادی، قریبی دوست اور آزمودہ شراکت دار ہے۔ تمام شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔ تھریسا مے نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے جذبات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برطانیہ کا بااعتماد اتحادی ملک ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے بعد بھی دونوں ممالک مل جل کر کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کا دوطرفہ تعلقات پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔ پاکستان اور برطانیہ دوطرفہ شراکت داروں کے طور پر مل جل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ سیکورٹی امور اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ تھریسا مے نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں جمہوری نظام کی ٹھوس حمایت کرتا ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی اور جمہوریت کا فروغ ایک دوسرے سے باہم جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسا اتحادی ہے جس پر ہم بھروسہ کرتے ہیں۔ سلامتی کے امور میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ برطانوی وزیراعظم کی حیثیت سے پاکستان کے دورہ کی منتظر ہیں، قبل ازیں ان کا دورہ اس وقت طے ہوا تھا جب وہ وزیر داخلہ تھیں۔