جھڑپ میں 9 شدت پسند ہلاک :ملک کو بڑے حادثہ سے بچالیا:وزیراعظم
؎ڈھاکہ (آن لائن) بنگلہ دیش میں پولیس نے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک جھڑپ کے دوران 9 اسلامی شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق پولیس میر پور کے پاس کلیان پور کے ایک رہائشی علاقے میں تلاشی کی کارروائی کر رہی تھی جب ان پر بم سے حملہ کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا انھیں علاقے کی ایک عمارت میں بعض شدت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ خبر ملی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا شدت پسندوں کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 9 شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ پولیس سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا جن شدت پسندوں نے ڈھاکہ میں حال ہی گلشن علاقے میں حملہ کیا تھا اسی نوعیت کے یہ شدت پسند بھی تھے۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کا تعلق کس گروپ سے ہے لیکن پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں بھی لیا ہے۔ مشتبہ شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا کہنا ہے کہ ’ملک کو ایک بڑے حادثے سے بچا لیا گیا ہے‘۔ ڈھاکہ میں اس وقت ہر جانب سکیورٹی کا سخت پہرہ ہے اور مختلف جگہوں پر بم کو ناکارہ بنانے والے دستے ہوٹلوں اور بعض کمرشل عمارتوں میں تلاشی مہم میں لگے ہیں۔ بنگلہ دیش میں حالیہ مہینوں میں کئی سیکولر رائٹرز، بلاگرز اور بعض مذہبی شخصیات پر بہیمانہ حملے ہوئے ہیں۔ اسی ماہ ڈھاکہ کے ایک پاش کیفے میں شدت پسندوں کے حملے میں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے جس میں بیشتر بیرونی ممالک کے لوگ تھے۔