• news

فاروق حیدر آزاد کشمیر کے وزیراعظم نامزد، کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کا معاملہ ہر فورم پر اٹھائیں گے: نوازشریف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +آئی این پی+ اے پی پی) وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے‘ پاکستان اخلاقی اور سفارتی سطح پر ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی تائید و حمایت کرتا رہے گا‘ کشمیر کی نئی حکومت کو اداروں کی مضبوطی‘ شفاف اور کرپشن سے پاک اور میرٹ پر مبنی نظام حکمرانی یقینی بنانا چاہئے‘ کشمیر کی تاریخ میں ہمارے اس دور حکومت کو ترقیاتی دور کی حیثیت سے یاد رکھا جائے‘ نئی حکومت کی اولین ترجیح ‘ انفراسٹرکچر‘ تعلیم‘ صحت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہونگے‘ پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں میں جو معیار رکھا گیا اسے آزاد کشمیر میں بھی برقرار رکھا جائے گا‘ آزاد کشمیر میں تعلیم‘ صحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے پاکستان کی طرح اسی تیزی اور توانائی سے کام لیا جائے گا‘ ہماری حکومت کشمیر میں آمدورفت کو آسان بنانے کے لئے سڑکوں کا جال بچھائے گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے آزاد جموں وکشمیر کے مسلم لیگ ن کے نومنتخب ارکان اسمبلی سے وزیراعظم ہائوس میں خطاب کیا۔ اجلاس میں تمام کامیاب کشمیری پارلیمنٹیرینز‘ سینٹ میں لیڈر آف ہائوس راجہ محمد ظفر الحق‘ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف‘ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید‘ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے شرکت کی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے تمام نومنتخب ارکان قانون ساز اسمبلی کو آزاد جموں وکشمیرکے عام انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور انتخابات میں ان کی محنت اور سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جس کامیابی سے انہوں نے انتخابی مہم چلائی وہ قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے ارکان سے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ وہ کشمیر کی آزاد فضائوں میں زندگی بسر کرتے ہیں ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان اخلاقی اور سفارتی سطح پر ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق خود ارادیت کی تائید اور حمایت کرتا رہے گا۔ کشمیریوں کا حق خود ارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق ہے اور پاکستان اپنے بھائیوں کے اس حق کو بین الاقوامی سطح پر ہر فورم میں اٹھائے گا۔ وزیراعظم نے موجودہ ارکان سے کہا کہ ان کو بھی دن رات اس کاوش میں رہنا چاہئے کہ وہ اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی ہر لحاظ سے حمایت اور مدد کرسکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کی نئی حکومت کو اداروں کی مضبوطی‘ شفاف اور کرپشن سے پاک اور میرٹ پر مبنی نظام حکمرانی یقینی بنانا چاہئے۔ اس لئے ایک ایماندار اور قابل کابینہ تشکیل دینا ضروری ہے تاکہ کشمیر کی تاریخ میں ہماری اس حکومت کا دور ترقیاتی دور کی حیثیت سے یاد رکھا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ درحقیقت ترقی کا مینڈیٹ ہے اور اس خاطر ہم نئی حکومت کی بھرپور مدد کریں گے۔ نئی حکومت کی اولین ترجیح انفراسٹرکچر‘ تعلیم‘ صحت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوگا۔ کشمیری عوام کو آپ کے طرز حکومت میں ایک مثبت تبدیلی نمایاں طور پر نظر آنا چاہئے۔ نومنتخب ارکان نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو کہا کہ کشمیری کی عوام ان کو اپنا حقیقی لیڈر مانتے ہیں اور درحقیقت عام انتخابات میں شاندار کامیابی وزیراعظم کے ترقیاتی ایجنڈے کی تائید اور احتجاجی سیاست کی تردید ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہم اس پر پورا اتریں گے اور بلا امتیاز تمام کشمیری بھائیوں کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات ایک کردیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں جو معیار رکھا گیا اسے آزاد کشمیر میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں تعلیم ‘ صحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے اسی تیزی اور توانائی سے کام لیا جائے گا جس تیزی سے پاکستان میں کیا جارہا ہے۔ گزشتہ پانچ سال میں آزاد کشمیر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا ہماری حکومت کشمیر میں سڑکوں کا جال بچھائے گی تاکہ آمدورفت آسان ہو۔ وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف نے آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں نومنتخب پارلیمانی پارٹی کی مشاورت سے راجہ فاروق حیدر کو آزادکشمیر کا وزیراعظم نامزد کردیا۔ راجہ فاروق حیدر آزادکشمیر کے 12ویں وزیراعظم ہوں گے۔ آزاد کشمیر کابینہ کے بارے میں بھی ابتدائی مشاورت کی گئی ہے جلد سپیکر قانون ساز اسمبلی کے نام کا اعلان بھی کردیا جائے گا، جبکہ قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر انتخابات سے متعلق پارٹی کی حکمت عملی بھی طے کر لی گئی ہے۔ وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف نے نو منتخب اراکین کو مبارکباد دی۔ نامزد وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے اعتماد کے اظہار پر وزیراعظم پاکستان،پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤںاور پارلیمانی پارٹی کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور عزم کیا۔

ای پیپر-دی نیشن