• news

امریکہ میں نئی تاریخ رقم: ڈیمو کریٹک پارٹی نے ہلیری کو پہلی خاتون صدارتی امیدوار نامزد کر دیا

فلاڈیلفیا (آن لائن+ بی بی سی+ اے ایف پی) سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کو ڈیموکریٹک پارٹی نے باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ ہلیری ڈیموکریٹک پارٹی کی پہلی خاتون صدارتی امیدوار ہیں۔ سابق وزیر خارجہ نے نئی تاریخ رقم کر دی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن کے دوسرے روز ہلیری کلنٹن کو مطلوبہ 2382 ووٹ مل گئے اور یوں وہ پہلی امریکی خاتون بن گئیں جسے کسی بھی سیاسی جماعت نے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ ہلیری نے سخت مقابلے کے بعد مدمقابل سینیٹر برنی سینڈرز کو شکست دے کر پارٹی کی نامزدگی حاصل کی۔ برنی سینڈرز نے جماعت کے اتحاد کی علامت کے طور پرسٹیج پر آکر ہلیری کی نامزدگی کا اعلان کیا۔نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں اب ان کا مقابلہ ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگا۔ سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے ہلیری کی کوششوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ،لادن کے خلاف آپریشن کرنے والی ٹیم کی سلیکشن ہلیری کلنٹن نے ہی کی تھی۔ فلاڈیلفیا میں کنونشن کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9/11 کے واقعہ میں بھی ہلیری کلنٹن نے دہشت گردی کی روک تھام کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور سینٹ کے فلور پر بھی یہ کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ اگر آپ مسلم ہیں اور دہشت گردوں سے نفرت کرتے ہیں تو آپ امریکہ میں رہیں اور ہلیری کلنٹن کو ووٹ دیکر کامیاب کروائیں۔ امریکہ ہم سب کا ہے اور ہلیری کلنٹن کامیاب ہو کر امیگریشن ریفارمز کرینگی۔ ان کی اہلیہ اور بہترین دوست ہلیری کلنٹن کو ملک کی قیادت کرنی چاہئے۔ ہلیری کلنٹن ’تبدیلی لانے والی بہترین انسان ہیں جنھیں میں جانتا ہوں۔‘ انھوں نے ہلیری سے ذاتی تعلق کے بارے میں بتایا کہ وہ ان سے کیسے ملیں اور وہ عوامی خدمت کے لیے کتنی پُرعزم ہیں۔ رات کے اختتام پر ہلیری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ’مجھے یقین نہیں آ رہا کہ ہم نے روایات کی دیوار میں ایک بڑی دراڑ ڈال دی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا ’اگر کوئی ننھی لڑکی اس وقت جاگ رہی ہے تو میں اس سے کہنا چاہتی ہوں کہ میں شاید پہلی خاتون صدر بن جاؤں گی لیکن آپ میں سے کوئی ایک دوسری بھی ہو گی۔‘ اس سے پہلے بلِ کلنٹن نے بتایا کہ کس طرح 1971ء میں وہ دونوں قانون کی تعلیم کے دوران ملے۔ انھوں نے کہا ’میں نے اپنی بہترین دوست سے شادی کی۔ ہم تب سے ایک ساتھ چلتے ہیں بات کرتے اور ایک ساتھ ہنستے ہیں۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سابق وزیرِ خارجہ کا صدارت کے عہدے کے لیے انتخاب منفرد ہے۔‘ بل کلنٹن نے کہا ’ہلیری نے عوامی خدمات کے زمرے میں مجھے ایک نئی دنیا دکھائی۔‘

ای پیپر-دی نیشن