پشاور: صوبائی وزیر تعلیم کا وفاقی وزارت کو مراسلہ، 2005ء کے زلزلے میں تباہ ہونیوالے سینکڑوں سکول تاحال وزیر اعظم کی امداد کے منتظر
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے میں زلزلے سے تباہ حال سکولوں کے معاملے پر صوبائی وزیر تعلیم نے وفاقی وزارت تعلیم کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2005ء کے زلزلے میں تباہ ہونیوالے سینکڑوں سکول وفاقی حکومت کی امداد کے منتظر ہیں۔ وزیر اعظم نے سکولوں کی تعمیر نو کیلئے 4ارب روپے کا اعلان کیا تھا لیکن یہ رقم آسمان کھا گیا یا زمین نگل گئی سمجھ سے بالا تر ہے۔ خیبر پی کے میں وفاق نے ان سکولوں پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا۔ صوبائی حکومت نے اپنی مدد آپ کے تحت 760سکولوں کی تعمیر نو کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ امید ہے وزیر اعظم متاثرہ سکولوں سے متعلق اپنا وعدہ پورا کرینگے۔