پشاور: آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں بے گھر ہونیوالے افراد کا امدادی رقوم میں تاخیر کیخلاف احتجاجی دھرنا
لندن (بی بی سی) شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے متاثرین نے امدادی رقوم میں تاخیر کے خلاف پشاور میں واقع قدرتی آفات سے نمٹنے کے وفاقی ادارے ایف ڈی ایم اے کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اہتمام کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر ایف ڈی ایم اے کے ڈائریکٹرجنرل اور سرحدی اور قبائلی امور کے وفاقی وزیر کے خلاف نعرے درج تھے۔ شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی ملک خان مرجان نے کہا کہ دو سے تین ہزار خاندانوں کو امدادی رقوم جاری نہیں کی گئی جس کی وجہ سے وہ اپنے علاقوں کو واپس نہیں جا سکتے۔ چار دیہات کے متاثرین کی اے ٹی ایم سیمیں بلاک ہوگئی ہیں جس کے باعث وہ بنکوں سے رقم نہیں نکال سکتے۔