• news

2016ء دہشت گردی کے حوالے سے خونریز ترین ثابت ہوا: نیویارک ٹائمز

واشنگٹن (نیٹ نیوز) گزشتہ کچھ عرصہ میں دنیا بھر میں دہشتگردی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کئی ملک آگ اور خون میں نہائے ہیں۔ 2016ء دہشت گردی کے حوالے سے خونریز ترین ثابت ہوا۔ تمام کوششوں کے باوجود دہشت گردی کا جن قابو میں نہیں آرہا۔ نیویارک ٹائمز نے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ اس سال رمضان کا آخری عشرہ اور عید کے ابتدائی دن بہت سے ممالک میں خونریز ثابت ہوئے۔بغداد میں عید سے ایک دن قبل شاپنگ سنٹر میں کار بم دھماکے میں 300 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اسی ہفتے کے دوران استنبول ائیر پورٹ پر خود کش حملے میں 49 افراد، افغان دارالحکومت کا بل میں خودکش دھماکے میں 40، بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے ایک کیفے پر حملے میں غیر ملکیوں سمیت 20 اورصومالیہ میں بس پر حملے کے نتیجے میں 18 افراد مارے گئے جبکہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں بھی عید کے موقع پر حملے کئے گئے۔ ایک ہفتے کے دوران ان حملوں میں چار سو ستائیس افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق دو ہفتوں کے دوران اگر ہلاکتوں کاجائزہ لیا جائے تو مارچ کے دوہفتے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوئے۔ اخبار کے مطابق تیرہ مارچ سے ستائیں مارچ کے عرصے میں چھ ممالک میں دہشت گرد حملوں کے دوران 247 افراد ہلاک ہوئے، ان ممالک میں فرانس، بیلجیئم، ترکی، پاکستان، مصر، نائیجیریا اور آئیوری کوسٹ شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن