• news

بڑے چینی سرمایہ کاروں کو مفت اراضی دیں گے، سی پیک منصوبہ دہشت گردی ، غربت دور کرے گا: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چین کے بڑے صنعتی، تجارتی اور اقتصادی شہر چنگ ڈائو (Qingdao) میں ’’پنجاب، چنگ ڈائو بزنس سیمینار‘‘ سے خطاب کیا۔ چینی شہر چنگ ڈائو کے وائس مئیر سن لی جیائی (Mr. Sun Lijie) نے بھی خطاب کیا۔ وائس مئیر چنگ ڈائو نے بزنس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں چین کی قیادت کی جانب سے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو چین کے بڑے صنعتی، تجارتی و اقتصادی شہر آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے چینی سرمایہ کاروں کیلئے حقیقی معنوں میں انتہائی بہترین ماحول فراہم کیا ہے۔ دورے سے شین ڈونگ صوبے اور پنجاب صوبے کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں بہت مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ’’پنجاب، چنگ ڈائو بزنس سیمینار‘‘ سے اپنے خطاب میں چین کے بڑے سرمایہ کاروں کیلئے صوبے میں سرمایہ کاری پر مفت اراضی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت چینی سرمایہ کاروں کی دل و جان سے قدر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے ساتھ صنعتوں کی منتقلی کے پروگرام میں چینی صنعتکاروں کو بہترین سہولتیں دیں گے۔ سیمینار میں چین کے صنعتکاروں، سرمایہ کاروں، بزنس مینوں اور سرکاری محکموں کے اعلیٰ حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے چنگ ڈائو (Qingdao) میں چین کے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے سے دہشت گردی، انتہاپسندی اور غربت کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے نتیجہ میں پاکستانی عوام کیلئے روزگار کے لاتعداد مواقع پیدا ہوں گے۔ رفتار کیساتھ معیار اور شفافیت ان ترقیاتی منصوبوں کا خاصا ہے۔ وزیراعلیٰ نے چینی شہر چنگ ڈاؤ میں معروف صنعتی اداروں ہائیر (Haier) اور ہائی سینس گروپ (Hisense Group) کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے دونوں بڑے صنعتی اداروں کے مختلف شعبوں کو معائنہ کیا۔اس موقع پر اعلی حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی ترقی اورسائنسی اختراع کیساتھ چین کے صنعتی اداروں کاوسائل خلق خدا کیلئے وقف کرنا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ وسائل رکھنے والوںکامحروم طبقات کیلئے وسائل دینا بڑی نیکی ہے۔ شہبازشریف نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ چنگ ڈائو (Qingdao) کے سیکرٹری لی چن (Mr. Li Qun)سے ملاقات کی۔ملاقات کے موقع پر پنجاب حکومت اورچنگ ڈاؤ کے مابین معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوںپردستخط کیے گئے،جن کے تحت پنجاب اور چنگ ڈاؤ کے مابین تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیاجائے گا اور یہ مشترکہ ورکنگ گروپ مختلف شعبو ںمیں تعاون کو فروغ دینے کیلئے نئے امکانات کا جائزہ لے گا۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، محکمہ صنعت پنجاب اور چنگ ڈاؤکے مابین بھی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔پنجاب کے سرمایہ کاروں اور چنگ ڈاؤ کے سرمایہ کاروں کے مابین بھی معاہدوں اور مفاہمت یادداشتوں پر دستخط ہوئے ۔جن کے تحت پنجاب میں اکنامک زونز کے قیام ،ٹیکسٹائل سیکٹر ، ٹرانسپورٹ، انڈسٹریل اسٹیٹس، انفراسٹرکچر، ای کامرس، فنی وووکیشنل تربیت اور دیگرشعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہچین کی ترقی کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی فراست، قیادت کی اہلیت اور عوام کی محنت کی مرہون منت ہے۔انہوں نے کہا کہ میں جس اعتماد کے ساتھ چین آیا تھا ،اس سے دگنا اعتماد لے کرواپس جارہا ہوں۔کیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری اور چنگ ڈاؤ شہر کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے رہنما ووزیر زینگ ژیائو سانگ (Mr. Zheng Xiaosong) ،اعلی عہدیداران،وائس میئرچنگ ڈاؤ سن لی جیائی، ڈی جی فارن افیئرز چنگ ڈاؤ،اعلی سرکاری حکام اور پاکستان کے وفد کے اراکین کے علاوہ چینی و پاکستانی بزنس مینوں کی بڑی تعداد نے عشائیہ میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کے دورہ چین کے دوران مجموعی طورپر45معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔جن میں20معاہدے اور 25مفاہمت کی یادداشتیں ہیں۔وزیراعلیٰ نے چین سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے اغواء کی وارداتوں کی روک تھام پرخصوصی توجہ مرکوز کی جائے اور بچوں کے اغوا میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں نشان عبرت بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ایسی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیسوں پر ہونے والی پیشرفت سے باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن