مریم نواز کے اثاثے چھپانے کا الزام الیکشن کمشن نے کیپٹن (ر) صفدر سے 9 اگست تک جواب مانگ لیا
اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمشن نے وزیر اعظم نواز شریف کے داماد اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر سے ان کی اہلیہ کے اثاثے چھپانے کے الزام پر 9 اگست کو تحریری جواب طلب کرلیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنی فعالیت کے بعد سب سے پہلے کیپٹن (ر) صفدر کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کی۔ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیپٹن صفدر سے 9 اگست تک تحریری جواب طلب کرلیا دوسری جانب کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل منوراقبال نے بتایا کہ ان کے مؤکل کے خلاف درخواست قابل سماعت نہیں ہے ہم تحریک انصاف کو قانونی شکست دیں گے۔ واضح رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی نااہلی کیلئے تحریک انصاف کے نوابزادہ صلاح الدین نے درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کیپٹن صفدر نے اپنی اہلیہ کے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائیں جو آئین کے آرٹیکل 62، 63 کی خلاف ورزی ہے، اس لیے انھیں نااہل قرار دیا جائے۔