• news

کراچی: رینجرز کا چھاپہ، متحدہ کے یونٹ انچارج سمیت 3 گرفتار، گھر پر دستی بم حملہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) رینجرز نے شاہ فیصل کالونی کراچی سے ایم کیو ایم کے یونٹ انچارج سمیت 3 کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ایم کیو ایم کے زیر حراست کارکنان میں عمران سیکٹر انچارج صمد اور عدنان شامل ہیں۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے شاہ فیصل کالونی اور سرجانی ٹائون میں رینجرز کی کارروائیوں کی مذمت کی۔ رابطہ کمیٹی کے مطابق آئینی، قانونی طور پر رینجرز کو دیئے گئے اختیارات کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ رینجرز کو کراچی میں چھاپوں اور گرفتاریوں کا کوئی اختیار نہیں۔ دریں اثنا کراچی میں درخشاں کے علاقے خیابان بادبان میں واقع گھر پر نامعلوم افراد کا دستی بم سے حملہ، حملے میں گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ پولیس کے مطابق کریکر حملہ ہاشم نامی شخص کے گھر پر کیا گیا جو حال ہی میں ساؤتھ افریقہ سے پاکستان لوٹا ہے۔ بی ڈی ایس ٹیم کے مطابق حملہ میں روسی ساختہ دستی بم استعمال کیا گیا، دریں اثناء شیر شاہ سے گینگ وار کا کارندہ پکڑا گیاجبکہ شارع نورجہاں سے سٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان پکڑے گئے۔ 2 فوجی اہلکاروں کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ 2 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ 11 کیمروں کی ویڈیو مل گئی جس میں حملہ آور پیچھا کرتے اور بعد میں فرار ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ پولیس نے منگھو پیر میں کارروائی کرکے افغان پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن