بھارت کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے آمادہ کرنے پر نوازشریف کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا‘ مشرف نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا: پرویز رشید
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر کے مقدمے کو بہتر انداز میں لڑ سکتا ہے‘ پاکستان کو کشمیر کا مضبوط وکیل بنانے کے عمل میں مصروف ہیں، محفوظ ، پر امن اور روشن پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ضروری ہے، بھارت کو کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کیلئے آمادہ کرنے پر نواز شریف کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا‘ ہتھکڑیاں ڈالی گئیں، نواز شریف نے 1999ء میں جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش کی، آمریت اور آمروں نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ پس پشت ڈالا، پرویز مشرف نے مسئلہ کشمیر کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا‘ وزیراعظم نوازشریف کی کشمیر کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں ہیں، کشمیر کیلئے وزیراعظم نوازشریف کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، واجپائی کو لاہور لانے والے وزیراعظم نواز شریف ہی تھے، آزاد کشمیر میں عوام نے نواز شریف کو ووٹ دیے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا حل اور بھارتی دہشتگردی کے سدباب کیلئے دنیا کے کردار پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا فریق بھی ہے اور وکیل بھی ،پاکستان کشمیریوں کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق دینا بھارت کی ذمہ داری ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جائے۔