• news

پشاور: بم دھماکہ، پولیس اہلکار سمیت7 افراد زخمی

پشاور+ خیبر ایجنسی (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پشاور میں چارسدہ بس اڈے کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 7افراد زخمی ہوگئے جبکہ خیبر ایجنسی کے تحصیل باڑہ میں دہشت گردوں نے سابق اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ کے حجرے پر بم سے حملہ کیا جس میں 2 افراد جان بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے فقیرآباد پولیس سٹیشن کی حدود میں چارسدہ اڈہ کے قریب سڑک کے کنارے بارودی مواد نصب کررکھا تھا جو ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار سجاد سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیاجہاں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ پولیس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لیکر علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں 2 سے اڑھائی کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ ادھر خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے اکا خیل میں دہشت گردوں نے سابق اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ مواز خان کے حجرے پر گرنیڈ سے حملہ کر دیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق دستی بم کے حملے میں دو افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق پشاور کے علاقہ ریگی میں کار سوار مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ پر حملہ آور ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن