نوازشریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں‘ عمران اداروں کو بدنام کررہے ہیں: پرویز رشید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ آزادکشمیر الیکشن میں بلاول بھٹو اور تحریک انصاف الزامات کی سیاست کررہے تھے اور میاں نوازشریف عوامی خدمت کیلئے کام کررہے تھے۔ آزاد کشمیر کے عوام نے عوامی خدمت کی وجہ سے نوازشریف کو ووٹ دیا۔ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر عالمی دنیا بُلٹ نہیں بیلٹ کے ساتھ ہے۔ ٹی او آر پر ہماری طرف سے کوشش کی کمی نہیں۔ ہمارے ٹی او آر کسی کے جرم کو پروٹیکشن نہیں دیتے۔ ہمارے ٹی او آر پر سپریم کورٹ کا اپنا نقطہ نظر ہے۔ پانامہ لیکس میں نوازشریف پر کوئی الزام نہیں۔ نوازشریف نے اپنے 3 ادوار میں میگا پراجیکٹس مکمل کئے۔ ان پر کسی پراجیکٹ میں کرپشن کا الزام نہیں۔ عمران خان اداروں کو بدنام کررہے ہیں۔آن لائن کے مطابق پرویز رشید نے کہا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام فوج کے ساتھ ہیں، پاکستان دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں مراد علی شاہ کے اقدامات کا انتظار ہے، ہمیں کراچی کا امن عزیز ہے، پیپلزپارٹی کو بھی ہماری طرح کراچی کا امن عزیز ہوگا، رینجرز کے اختیارات میں توسیع ہونی چاہیے۔