نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ 25 اگست سے شروع‘ آفریدی‘ مصباح کپتانی نہیں کرینگے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کیلئے کرکٹرز کی ڈرافٹنگ مکمل ہو گئی۔ حیران کن طور پر پاکستان کی انٹرنیشنل مقابلوں میں قیادت کے فرائض انجام دینے والے سٹار کھلاڑیوں مصباح الحق، یونس خان، شاہد آفریدی، اظہر علی اور سرفراز احمد میں سے کسی کو کپتان نہیں بنایا گیا ہے۔ چار گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والی ڈرافٹنگ کے موقع پر ریجنز کے صدور اور کوچز بھی موجود تھے جو اپنے ریجنز کی ٹیموں کو مضبوط بنانے کے لیے کپتان اور کوچ کی مشاورت کرتے رہے ہیں۔ لاہور ٹیم کے دونوں کپتان موقع پر موجود نہ تھے۔تمام آٹھ ریجنز کو پی سی بی کی جانب سے 300 کھلاڑیوں کی فہرست فراہم کی گئی تھی جن میں سے 120 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔ انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے ممکنہ 16 کھلاڑیوں کو ابتدائی مرحلے میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ سیمی فائنل میں پہنچنے والے چار ٹیموں کو اختیار ہوگا کہ وہ ان 16 کھلاڑیوں میں سے چار چار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کر سکیں۔ عمرگل کی قیادت میں اسلام آباد کی ٹیم نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو حاصل کرلیا جہاں وہ عمرگل کی کپتانی میں کھیلیں گے۔نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا انعقاد 25 اگست سے 16 ستمبر کے درمیان راولپنڈی اور ملتان میں ہوگا جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے مصباح الحق کراچی وائٹس کی نمائندگی کریں گے اور وہ اکبر رحمٰن کی قیادت میں کھیلیں گے۔ٹورنامنٹ میں لاہور اور کراچی کی دو ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ اسلام آباد، فاٹا، پشاور اور راولپنڈی کی ایک، ایک ٹیم شامل ہوگی۔ فکسنگ سکینڈل کے سزا یافتہ سلمان بٹ کو لاہور وائٹ ٹیم میں نمائندگی مل گئی ہے۔ لاہور وائٹ ٹیم کی قیادت کامران اکمل کریں گے۔ فکسنگ سکینڈل کے تیسرے کردار محمد آصف کو بھی ڈرافٹنگ میں شامل کیا گیا ہے، جنہیں ابھی تک کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔ پی ایس ایل اور پھر پاکستان کپ میں کامیابی کے بعد پی سی بی نے نیشنل ٹی 20 کپ میں بھی ڈرافٹنگ سسٹم سے ہی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔