• news

ٹی او آر کمیٹی کا اجلاس بلانے کیلئے ایاز صادق کے رابطے‘ فیصلہ مشاورت سے ہو گا: اعتزاز

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ٹی او آر سڑکوں پر طے نہیں پا سکتے بلکہ مذاکرات کے ذریعے ہی طے پائیں گے۔ بلاشبہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن معاملات سے سڑکوں پر لے جانے کی بجائے میز پر مذاکرات سے حل کرنا دانشمندی ہو گی۔ وہ گذشتہ روز واسا ہیڈ آفس میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے پی پی 148 کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے واسا کے مسائل بھی سنے۔ واسا کے وائس چیئرمین چودھری شہباز ایم پی اے سمیت مسلم لیگی رہنما میاں طارق‘ صلاح الدین پپی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سردار ایاز صادق نے مزید کہا سڑکوں پر احتجاجی سیاست کا زمانہ گیا۔ میرے خیال میں حکومت ہر گز نہیں چاہے گی کہ تحریک انصاف کو استعفوں کی جانب دھکیلا جائے۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا امن و امان کی صورت حال بہتراوربیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے، انہیں ملک میں جمہوریت کے خلاف کوئی سازش نظرنہیں آرہی، تحریک انصاف جمہوریت پسند ہے وہ جس راستے پرچل رہے ہیں انہیں چلنے دیا جائے، 7 اگست کو وہی ہوگا جو منظورخدا ہوگا، اس کا حال بھی دھرنوں جیسا ہوگا۔ انہوں نے کہا وہ پانامہ لیکس کے معاملے پرکسی فریق کی حمایت نہیں کررہے، ٹی او آر کے معاملے پراعتزازاحسن اور شیریں مزاری سے بات ہوئی ، کمیٹی ممبران کی مشاورت سے آئندہ اجلاس ہوگا کیونکہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کمیٹی کو ہی کرنا ہے۔ ٹی او آر کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں پارلیمنٹ میں ہو گا،تمام سیاسی جماعتیں اس معاملے پر بات کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مثبت تبدیلی آرہی ہے اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق حکومت نے پانامہ لیکس کے ٹی او آر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کے لیے کوششیں شروع کر دیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور اعتزاز احسن سے رابطے کیے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق خورشید شاہ نے ایاز صادق کو اعتزاز احسن سے بات کرنے کا مشورہ دیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے خورشید شاہ نے کہنے پر اعتزاز احسن سے بات چیت کی۔ سردار ایاز صادق نے کہا قومی معاملات پارلیمنی میں حل کرنا چاہئیں۔ اعتزاز احسن نے جواب دیا متفقہ ٹی او آر کی تیاری میں حکومت رکاوٹ ہے۔ حکومت کے مایوس کن رویے پر اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹی او آر کمیٹی میں شرکت کا فیصلہ اپوزیشن کی مشاورت سے ہو گا۔ کوئی پارٹی تنہا فیصلہ نہیں کر سکتی جو بھی فیصلہ ہو گا اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن