• news

سامعہ قتل کیس میں پیش رفت نہ ہو سکی، تفتیشی ٹیم تبدیل، خودکشی کی، والد

لاہور / جہلم (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ این این آئی) پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سامعہ کے پراسرار قتل کیس کی تفتیش کرنے والی ٹیم کو تبدیل کر دیا گیا۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کیس میں پیش رفت نہ ہونے پر ڈی آئی جی ابوبکر خدا بخش کی سربراہی میں نئی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی ہے جس نے کیس کی ازسر نو تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ٹیم میں ایس پی بشیر چیمہ بھی شامل ہیں۔ نئی تحقیقاتی ٹیم نے ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کیس میں کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی اور یہ معمہ بھی حل نہیں ہو سکا اس نے خودکشی کی کہ اسے قتل کیا گیا۔ تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے واقعہ کی جگہ کا دورہ کیا۔ زیر حراست ملزموں سامعہ کے پہلے شوہر اور سہیلی نے بیان قلمبند کرایا۔ سامعہ کے والد نے بتایا کہ جس دن سامعہ کا قتل ہوا اس دن میں بیرون ملک تھا۔ سامعہ کو قتل نہیں کیا گیا اس نے خودکشی کی۔ سابق شوہر نے بیان میں کہا کہ سامعہ کی موت کے وقت گھر پر نہیں تھا۔ گھر واپس آیا تو پولیس وین گھر کے باہر کھڑی تھی لوگوں نے بتایا کہ سامعہ مر گئی ہے۔ ذمہ داری عائد ہونے کے ڈر سے موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ سہیلی عنبرین نے کہا مختار کاظم مجھ سے سامعہ کا پاسپورٹ، شناختی کارڈ لے کر گیا۔

ای پیپر-دی نیشن