• news

کانگو کے مریض کا آپریشن کرنیوالا ڈاکٹر کراچی میں انتقال کرگیا

کراچی+ بہاولپور + لاہور (نوائے وقت نیوز+ نامہ نگار+ خصوصی رپوٹر) بہاولپور میں کانگو وائرس کے مریض کا علاج کرنیوالا ڈاکٹر کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کرگیا جبکہ مزید 3 ڈاکٹر ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیرعلاج ہیں۔ بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال کے 4 ڈاکٹروں میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ محکمہ صحت کے فوکل پرسن ڈاکٹر ظفر مہدی کے مطابق 28 جولائی کو ڈاکٹر عالم، ڈاکٹر اویس اور ڈاکٹر صغیر احمد کو کراچی میں سٹیڈیم روڈ پر واقع نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں گزشتہ روز ڈاکٹر صغیر احمد انتقال کرگئے دیگر دو ڈاکٹر ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیرعلاج ہیں جہاں انکی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق تینوں ڈاکٹروں نے وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں کانگو کے مریضوں کا آپریشن کیا تھا جہاں سے انہیں وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دوسری جانب چوتھے ڈاکٹر گلزار کو بھی بہاولپور سے کانگو وائرس کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر جہانزیب نے بتایا کہ ڈاکٹر اویس، ڈاکٹر عالم اور ڈاکٹر صغیر احمد سمیجہ آغا خان کراچی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ ڈاکٹر صغیر احمد گزشتہ روز جان کی بازی ہار گئے۔ ڈاکٹر صغیر احمد سمیجہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال سرجیکل میں سینئر رجسٹرار اور ضلع لودھراں کے علاقے دہنوٹ کے رہائشی تھے۔ انہوں نے سوگواران میں دو بیٹے اور بیوہ چھوڑی ہے۔ آئی این پی کے مطابق ڈاکٹروں نے کانگو کے مرض میں مبتلا لودھراں کی ایک نرس کا علاج کیا تھا جس سے ان ڈاکٹروں میں یہ وائرس چلا گیا جس کے باعث ڈاکٹر صغیر گزشتہ روز دم توڑ گیا۔ قبل ازیں زیرعلاج نرس بھی دم توڑ گئی تھی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کانگو وائرس سے ایک ڈاکٹر اور نرس کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اور سیکرٹری لائیو سٹاک سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ کانگو وائرس سے بچائو کیلئے تمام ضروری اقدامات فی الفور اٹھائے جائیں۔انہوں نے جاں بحق ہونیوالے ڈاکٹر کے لواحقین کیلئے 50 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔ دریں اثنا مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے بہاولپور اور لودھراں میں کانگو وائرس کی روک تھام کے متعلق اجلاس میں فرائض کی ادائیگی میں جان دینے والے سرجن ڈاکٹر صغیر کو خراج تحسین پیش کیا اور انکی مغفرت کیلئے دعا بھی کی۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ ڈاکٹر صغیر نے فرض کی ادائیگی میں جان دیکر شہید کا رتبہ حاصل کیا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق نے بتایا کہ انکے محکمے کی پانچ ٹیمیں لودھراں میں کام کررہی ہیں اور مویشیوں کے سیل پوائنٹس پر آگاہی مہم شروع کردی گئی ہے اور بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن