لٹیرے حکمران بھوک‘ مفلسی کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، عوام موت کا انتظار نہ کریں: سراج الحق
لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں میں بڑے اغوا ہوتے تھے جبکہ موجودہ حکومت میں چھوٹے بچے اغوا ہو رہے ہیں۔ بچوں کے آئے روز اغوا سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے حکومت اغوا میں ملوث ہاتھوں کو بے نقاب کرے ۔ امریکہ پاکستان سمیت پوری دنیا پر اپنی تہذیب مسلط کرنا چاہتا ہے اور ہرجگہ اپنے ایجنٹ حکمران بنانا چاہتا ہے۔ پاکستان میںامریکی وفاداروں نے پاکستان کو امریکہ اور ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کا مقروض بنایا۔ کرپشن فری پاکستان کیلئے ہماری جدوجہد مزید تیز ہوگی۔ دیرپائیں میں اجتماع کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردیں۔ کرپشن قومی وجود کیلئے ایک خطر ناک صورت اور ملک کیلئے کینسر کی شکل اختیار کرچکی اسلئے اب وقت آگیا ہے کہ کرپٹ مافیا پر ایک کاری ضرب لگائی جائے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی کارکردگی ناقص ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری عام ہورہی ہے لوڈشیڈنگ میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جب کہ بیر ونی قرضہ 18 ہزار ارب روپے سے تجاوزکر گیا۔ انہوںنے کہاکہ عوام موت کا انتظار نہ کریں۔ لٹیرے حکمران انہیں بھوک اور مفلسی کے حوالے کرناچاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کرپٹ نظام اور کرپٹ دھڑوں کی جڑیں کاٹنے کے لیے عوام جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔