اداروں میں مداخلت بند کردی‘ عوام بھی کرپشن کے ثبوت آگے بڑھ کر پیش کریں: پرویز خٹک
شاور (این این آئی) وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے جب حکومت سرکاری اداروں میں مداخلت بند کر رہی ہے تو عوام کو بھی اپنے حق اور ذمہ داری کا احساس ہونا چاہئے‘ حکومت اپنی طرف سے ذمہ داری پوری کر رہی ہے، اب عوام کو بھی یہ ذمہ داری اٹھانا ہو گی کہ وہ جہاں کہیں بدعنوانی یا بے قاعدگیوں کو نوٹ کریں تو آگے بڑھ کر ثبوت کے ساتھ خود پیش کریں۔ حکومت اسی وقت ایکشن میں آئیگی اور غلط کاروں کو نشان عبرت بنائیگی۔ وہ لیگی رہنما سلیم سیف اﷲ کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ساتھ کئی المیے ہیں ہمیں انکا ادراک بھی ہے لیکن عجیب ترا لمیہ یہ ہے کہ حکومتیں اپنے آخری ایام میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتی ہیں جو آنے والی حکومت کیلئے مشکلات کا سبب بنتی ہیں نہ ایسے اعلانات کیلئے وسائل ہوتے ہیں اور نہ صوبے کی مالی حالت ایسی ہوتی ہے کہ ان پر عملدرآمد ممکن ہو سکے لیکن ہمارے سیاستدانوں کو لوگوں سے تالیاں بجوانا محبوب مشغلہ لگتا ہے ۔ یہ کلچر ہمیں ورثے میں ملا ہے لیکن ہم نے عوام کی فلاح پر سمجھوتہ نہیں کیا، وسائل عوام کے سامنے رکھے ، اعلانات اور تختیاں لگانے کی بجائے عوامی فلاح کے کام کو خاموشی سے جاری رکھا، سابق حکومتوں کے اعلانات کیلئے موجودہ حکومت بلڈنگز تعمیر کر رہی ہے اور دیگر انفراسٹرکچر پر کام کر رہی ہے بلکہ اس سے آگے جا کر ہم نے چھ پسماندہ اضلاع میں یونیورسٹیوں کیلئے زمین حاصل کی اورعمارتیں تعمیر کررہے ہیں اور ایک المیہ یہ ہے کہ ہمیں ایک اور کلچر بھی ورثے میں ملا ہے کہ قومی اداروں میں بلا ضرورت بڑے پیمانے پر بھرتیاں کی گئیں ہیں اور اس بوجھ سے قومی ادارے بیٹھ گئے ہیں یہ عمل یونیورسٹیوں کی سطح پر تو اتنے بڑے پیمانے پر کیا گیا کہ جو ناقابل فہم ہے اور اب ہماری حکومت تدارکی اقدامات پر لگی ہوئی ہے ہم پر پریشر ہے لیکن ہم اس کو ٹھیک کر کے چھوڑیں گے۔
پرویز خٹک