• news

مہمند ایجنسی: بارودی سرنگ دھماکہ ‘ ایک سکیورٹی اہلکار شہید‘ کوئٹہ‘ نارووال میں گرفتاریاں

مہمند ایجنسی‘کوئٹہ‘لاہور(نیوز ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) مہمند ایجنسی تحصیل صافی کوز چمرکنڈ میں 2الگ الگ بارودی سرنگ دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا جبکہ ایک مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔ فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کا دائرہ بڑھا دیا۔ تحصیل صافی کے دور افتادہ علاقہ کوز چمرکنڈ میں مہدی خان ولد عبداللہ نامی مقامی باشندے کے گھر کے احاطے میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مہمند رائفلز کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور سرچ آپریشن شروع کردیا کہ اس دوران قریبی جگہ میں چھپائی گئی دوسری بارودی سرنگ پھٹ گئی جس میں ایک سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوا جو ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔علاوہ ازیں ضلع زیارت میں ایف سی اور حساس ادارے کی کارروائی میںکالعدم تنظیم کے تین سہولت کار گرفتار کرلیے گئے۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے سہولت کاروں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ دوسری کارروائی میں ایف سی نے کوئٹہ کے کلی اسماعیل میں پولیس کے ہمراہ کارروائی کے دوران 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔علاوہ ازیں سی ٹی ڈی نے نارووال میں کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے۔ دہشت گرد کو ممنوعہ لٹریچر تقسیم کرتے پکڑا گیا۔ گوجرانوالہ میں بھی کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا ملزم آفتاب ممنوعہ لٹریچر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا تھا مقدمہ درج کرلیا گیا۔علاوہ ازیں سپیشل پولیس یونٹ خیبر پی کے نے بنوں میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایک دہشت گردکو بارودی مواد اور دیگر آلات سمیت گرفتار کر لیا جسے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔


گرفتار

ای پیپر-دی نیشن