لاہور، مزید2 بچے لاپتہ، 4 بازیاب: فیروزوالا، 2 مبینہ اغوا کارپکڑے گئے
لاہور+ فیروزوالا+ راولپنڈی (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں مزید 2بچے لاپتہ ہو گئے جبکہ 2 بچیوں سمیت 4 کو بازیاب کرا لیا گیا۔ فیروزوالا میں شہریوں نے 2 مبینہ اغوا کاروں کو پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے علاقے شاہدرہ اور لوئر مال سے اغوا ہونیوالے دو بچوں امجد اور فیضان کو ٹریفک وارڈنز نے بازیاب کرا لیا۔پولیس کہناہے کہ رکشہ ڈرائیور 7سالہ امجد کو رکشے میں اغواء کر کے لے جا رہا تھا کہ شاہدرہ چوک میں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک وارڈن نے بچے کو رنجیروں میں جکڑا دیکھ کر رکشے کو روکا اور بازیاب کرالیا۔ رکشہ ڈرائیور سے تشویش جاری ہے۔ دوسری جانب 8سالہ فیضان کو داتا دربار کے قریب سے ٹریفک وارڈن نے تحویل میں لیا اور متعلقہ تھانے کو آگاہ کیا جنہوں نے بچے کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے تاہم اسکے بارے میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اسے اغواء کیا گیا تھا یا لاپتہ تھا۔ علاوہ ازیں لاہور کے علاقے مغلپورہ سے 25 مئی کو اغوا کی گئی 10 سالہ معذور بچی شاہدہ شکارپور سے بازیاب ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شاہدہ کے والد نے چار رشتے داروں پر اغوا کا شک ظاہر کیا تھا بچی کا والد گداگر ہے اور اغوا کار بھی بھیک مانگتے ہیں۔ بچی کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں لٹن روڈ کے علاقے شیر گل کالونی سے 13 سالہ معذور بچہ شہریار عرف سونو لاپتہ ہو گیا۔ شہریار شام 4 بجے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے غائب ہوا۔ علاوہ ازیں لٹن روڈ سے لاپتہ ہونے والی بچہ سمن آباد سے مل گئی۔ پولیس کے مطابق 4 سالہ نور فاطمہ ہفتہ کے روز لاپتہ ہوئی تھی جس کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایک روز پہلے ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی سے اغوا ہونے والے بچے مائم کو بازیاب کرا لیا گیا۔ پولیس نے بچے کو ویسٹریج لین نمبر 7 کے گھر سے بازیاب کرا لیا۔ پشاور سے بیورورپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب کے بعد خیبر پی کے میں بھی بچوں کے لاپتہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے امسال صوبائی دارلحکومت پشاور سمیت صوبہ بھر سے 60بچوں سمیت 93افراد لاپتہ ہوئے ہیں ان لاپتہ افراد میں ذیادہ تر کا تعلق مضافاتی علاقوں سے ہیں جن میں 4 کمسن بچیاں بھی شامل ہیں تاہم پولیس کے پاس مذکورہ لاپتہ افراد کا کوئی ڈیٹا موجود نہیں ہے ایدھی کی جانب سے تیار کردہ سال رواں کے پہلے ششماہی رپورٹ کے مطابق پشاور سمیت صوبہ بھر سے ان 6ماہ میں اب تک 60بچوں سمیت 93افراد لاپتہ ہوئے ہیں جن میں اکثر کا تعلق مضافاتی علاقوں سے ہے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ فیروزوالا کی آبادی بوٹا پارک میں شہریوں نے مبینہ دو اغوا کاروں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور دونوں کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ شہریوں نے شک کی بنا پر مبینہ اغوا کاروں علی رضا اور علی احمد کو پکڑ لیا۔ دونوں نے بھاگنے کی کوشش کی مگر شہریوں کی بڑی تعداد نے تعاقب کے بعد انہیں پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں پنڈ فیروزوالا میں فلک شیر نے دیگر ساتھیوں کی مدد سے نوجوان اقبال کو اغوا کر لیا اور فرار ہو گئے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بچوں کے اغواء کی بڑ ھتی ہو ئی وارداتوں کے بعد لاہور کے مختلف پارکوں میں آنے والے بچوں اور مشکوک افراد پر نظر رکھنے کیلئے مقامی تھانوں سمیت سول کپڑوں میں ملبوث پولیس اہلکاروں نے نگرانی شروع کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق داتا دربار اور اس سے ملحقہ علاقوں میں قائم نیٹ کیفے اور بچوں کے دیگر تفریحی مقامات کی بھی پولیس نے خفیہ نگرانی شروع کر دی ہے۔