فرانس: قتل ہونیوالے پادری سے اظہار یکجہتی کی دعائیہ تقریبات میں مسلمانوں کی شرکت
روون (اے ایف پی) فرانس میں قتل ہونے والے پادری سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر کے گرجا گھروں میں اتوار کے روز خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ عیسائیوں کے ساتھ بڑی تعداد میں مسلمانوں نے بھی دعا میں شرکت کی۔ نامنڈی ٹائون جہاں دو نوجوانوں نے 85 سالہ فادر جیکوئس ہمبل کو ذبح کر دیا گیا تھا جو کہ قریبی علاقے روون کے ایک گرجا گھر میں تھے۔ آرچ بشپ ڈومینیک لیبرن نے مسلمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا اس طریقے سے مسلمانوں نے اس بات کی تصدیق کر دی کہ وہ خدا کے نام پر تشدد اور قتل کو مسترد کرتے ہیں۔ نیس شہر میں مسلمانوں کے مرکزی امام عثمان عیساوی کی سربراہی میں وفد نے اپنے شہر میں بھی دعا میں شرکت کی۔ دریں اثناء حملے کے شبہ میں گرفتار کیے گئے ایک شامی پناہ گزیں کو رہا کر دیا گیا جبکہ دوسرے مشتبہ شخص فرید خان کو عدالت پیش کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پادری پر حملہ کرنے والے پٹیٹ جین اور کرمچی نے ٹیلی گرام ریپ پر انکرپٹڈ پیغام کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ کیا تھا۔