• news

ایم کیو ایم مک مکا کے تحت مراد علی شاہ کے انتخاب پر لاتعلق رہی: خرم شیر

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ میں نئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے آنے پر متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے اظہارِ لاتعلقی کی وجہ گزشتہ 8 سال سے دونوں جماعتوں کے درمیان مک مکا تھی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ متحدہ گزشتہ 3 سال سے کہتی آئی ہے کہ انہیں سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکمرانی پسند نہیں جب کھڑا ہونے کا وقت تھا تو یہ خاموش رہے۔ انہیں معلوم تھا کہ تحریک انصاف کو 3 ووٹ ہی ملیں گے اور ہمیں امید تھی کہ ایم کیو ایم یا فنکشنل لیگ میں سے کوئی تو آواز بلند کریگا تاہم ایسا نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے ایم کیو ایم کا ووٹنگ میں حصہ نہ لینا ان کی وہی مفاہمت کی سیاست تھی جو ہم 8 سال سے دیکھتے آرہے ہیں۔ میری نظر میں سندھ میں وزارتِ اعلیٰ کے منصب میں صرف عمر کی تبدیلی ہوئی ہے۔ تبدیلی آنے کی کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہوتی ہے، ہم سب جانتے ہیں کہ سندھ میں کرپشن تمام حدیں پار کرچکی ہے ، رشوت کا بازار گرم ہے اگر موجودہ حالات میں دیکھا جائے تو صوبے میں صحت جیسی بنیادی سہولیات کی ابتر صورتحال ہے۔

ای پیپر-دی نیشن