• news

شہباز شریف نے ہسپتالوں کو درست کرنے کا جو بیڑا اٹھایا وہ لائق تحسین ہے، مریضوں کی دعائیں

لاہور (خبرنگار + نیوز رپورٹر) جنرل ہسپتال کے دورے کے دوران مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے مسائل کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ کو دعائیں دیں۔ چونڈا گاؤں کے رہائشی ایک بزرگ عنایت علی نے کہا ہسپتال میں علاج ہورہا ہے اور ادویات بھی مل رہی ہیں تاہم صفائی کے نظام کو بہتر ہونا چاہیے۔ اوکاڑہ کے رہائشی بچے علی حسنین کی والدہ نے بتایا ادویات مل رہی ہے لیکن ہمیں 10روز ہوگئے ہیں ابھی تک آپریشن کی تاریخ نہیں ملی۔ لیہ سے آئے مریض مشتاق حسین نے بھی آپریشن کی تاریخ جلد نہ دینے کی شکایت کی۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کا دل عام آدمی کے ساتھ دھڑکتا ہے اور آپ نے ہسپتالوں کو درست کرنے کا جو بیڑا اٹھایا ہے وہ لائق تحسین ہے اور ہمیں پورا یقین ہے آپ اس نیک مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن