• news

مدثرنذر نے اکیڈمی میز کو فعال کرنے نوجوان کرکٹرز کی تربیت کیلئے منصوبہ بندی کرلی

لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر نے ملک بھر میں اکیڈمیز کو فعال کرنے اورنوجوان کرکٹرز کی مناسب تربیت کے لے بھرپور منصوبہ بندی کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق آج سے پی سی بی کے سولہ ریجنز میں چار ہفتوں کے لئے انڈر 19 اکیڈمیز پروگرام شروع رہا ہے۔ ستمبر میں گزشتہ سال کا نا مکمل انڈر 16 یوتھ ڈیویلپمنٹ اسکواڈ کا فائنل فیز چار ہفتوں کے پروگرام کے ذریعے مکمل کیا جائیگا۔ اکتوبر میں ہی انڈر 16 پروگرام 2016ء کا پہلا مرحلہ شروع ہو گا یہ پروگرام مختلف مراحل سے گزرتا ہوا فروری 2017ء میں مکمل ہوگا۔ نومبر 2016ء میں انڈر 19 کرکٹرز کے لئے چار ہفتوں پر مشتمل ہائی پرفارمنس کیمپ کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔ اگست میں جہاں ملک بھرکے سولہ ریجنز میں انڈر 19 اکیڈمیز اپنا کام شروع کر رہی ہیں اسکے ساتھ ساتھ نیشنل کرکٹ اکیڈمی پاکستان فیوچر سٹارز کا تین ہفتوں پر مشتمل پروگرام شروع کردیا جائیگا۔ اس کیمپ میں پاکستان اے ٹیم کے ٹاپ پرفارمرز اور 19 سال سے زائد عمر کے ابھرتے ہوئے وہ کھلاڑی جو پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرنیوالے کھلاڑی شریک ہونگے تین ہفتوں پر مشتمل اس پروگرام میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں مستقبل کے تاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر کام کیا جائیگا۔ اگست میں قومی ٹیم میں آل رائونڈرز کی کمی کے پیش نظر سپشلسٹ آل رائونڈرز کیلئے دو ہفتوں کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے بیٹنگ آل رائونڈرز اور بائولنگ آل رائونڈرز کی تربیت کا کام کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن