جب تک کرپٹ سسٹم کا خاتمہ نہیں ہو جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے: شاہ محمود قریشی
ورجینیا(صباح نیوز)تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کے بارے میں امریکی تحفظات کو دور کرنے کے لئے انہوں نے امریکی ایوان نمائندگان اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلی عہدیداران سے ملاقاتیں کی ہیں ، ان ملاقاتوں میں حوصلہ افزاءپیش رفت ہوئی ہے اور آنے والے دنوں میں ہم کرپٹ نواز حکومت کو مزید ٹف ٹائم دینگے۔ ان کا کہنا تھا جب تک کرپٹ سسٹم کا خاتمہ نہیں ہوتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورجینیا کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکی اعلیٰ حکام کو بتایا ہے کہ تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور اس پارٹی کے چیئرمین عمران خان جمہوری سوچ کے حامل ہیں ۔ عمران خان کا سیاست میں آنا پاکستان میں موروثیت کا خاتمہ کرنا اور حقیقی جمہوریت لانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداران نے بھی ان سے تحریک انصاف کے منشور اور ایجنڈے کے بارے میں سوالات کیے جن کا بڑے مدلل اور ٹھوس ثبوت کے ساتھ جواب دیا ۔ اپنے دورہ امریکہ کے دوران انہوں نے کئی تھنک ٹینک اداروں سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان کو پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع کے حوالے سے بتایا کہ آپ جو مرضی کر لیں لیکن آپ اس خطے میں پاکستان کو اعتماد میں لیے بغیر کچھ نہیں کر سکتے ۔ان کا کہنا تھا پاکستان کی افواج دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیئے جو قربانیاں دے رہی ہےں اس سے اس خطے میں امن آئیگا اور دہشت گردی سے پاک خوشحال نیا پاکستان بنے گا ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں اور چوہدری سرور پارٹی سے اختلافات کی وجہ سے باہر نہیں ہیں ۔ میں 5اگست کو واپس جا کر باقاعدہ پارٹی سرگرمیوں میں حصہ لوں گا۔
شاہ محمود قریشی