پاکستانی حکومت کی جانب سے دستاویزات کی عدم فراہمی، دبئی میں آصف ہاشمی رہا
لاہور / دبئی (آن لائن) دبئی پولیس نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین و پی پی پی کے رہنما سید آصف ہاشمی کو رہا کر دیا کیونکہ حکومت پاکستان ان کی بیدخلی کے کیس میں بعض قانونی دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سید آصف ہاشمی کو اپریل کے پہلے ہفتے دبئی پولیس کے انٹرپول آفس سے گرفتار کیا تھا ۔انٹرپول نے ایف آئی اے کی درخواست پر کارروائی عمل میں لائی تھی جس نے مذکورہ بورڈ اور ڈی ایچ اے کے ایک ارب روپے سکینڈل پر ریڈ وارنٹ جاری کئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق دبئی پولیس نے ہاشمی کو پاکستانی حکام کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ کرنے کی بناءپر رہا کرنا پڑا ۔دبئی پبلک پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ ہاشمی کے گرفتاری آرڈر منسوخ کر دیئے۔ ہاشمی کے ایک وکیل نے پبلک پراسکیوشن دبئی کو بتایا کہ ان کے موکل کے ریڈ نوٹس نہ تو پاکستانی عدالت کی ہدایت پر جاری کئے گئے اور نہ ہی اخبارات کے اشتہارات کے ذریعے یہ شائع کئے گئے ۔ایف آئی کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ ہم نے یہ کیس ترک نہیں کیا اور تمام ضروری قانونی لوازمات پورے کر کے وزراءخارجہ اور داخلہ انٹرپول کے ساتھ اس کی پیروی کریں گے۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے اور نیب نے ہاشمی کے خلاف اراضی، ہاﺅسنگ اور بھری میں بے ضابطگیوں پر کیس دائر کیا۔
آصف ہاشمی رہا