• news

فائرنگ‘ پشاور آئی بی انسپکٹر : کوئٹہ ہزارہ برادری کے دو افراد جاں بحق‘ تربت : تین دہشت گرد ہلاک

پشاور+ کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پشاور میں تھانہ یکہ توت کے علاقے توحیدآباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کا انسپکٹر جاں بحق جبکہ بیٹا زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ کوئٹہ میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سے ہزارہ برادری کے 2 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ مردان میں 2 افراد کی نعشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ تربت میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ یکہ توت کے علاقے توحید آباد میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے انٹیلی جنس بیورو کے انسپکٹر عثمان گل کو قتل کر دیا جبکہ فائرنگ سے عثمان گل کا کمسن بیٹا بھی زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ملزمان وقوعہ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دریں اثنا پشاور کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 39 مشتبہ سمیت 57 افراد کو گرفتار کرلیا، گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات قبضے میں لے لی گئی۔ ادھر کوئٹہ میں سریاب روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہزارہ برادری کے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ کوئلے کی کان میں کام کرنیوالے 2 مزدور غلام نبی اور محمد نبی رکشہ میں مچھ سے اپنے گھر جارہے تھے کہ سریاب روڈ پر گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے قریب نامعلوم افراد نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ مقتولین کوئٹہ کے علمدار روڈ کے رہائشی تھے، جہاں ہزارہ برادری کی اکثریت آباد ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں افراد کو اسی رکشہ میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جس میں انہیں گولی ماری گئی۔ دوسری جانب بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناءاللہ زہری نے پولیس کو مجرموں کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیدیا۔ ہزارہ برادری ایک بار پھر نشانے بننے پر سراپا احتجاج ہے اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔ ادھر مردان کے علاقے رنگ روڈ سے 2 افراد کی نعشیں ملی ہیں، دونوں کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔ ایک کا تعلق نوشہرہ، دوسرے کا صوابی سے بتایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں ترجمان ایف سی کے مطابق تربت کے علاقے ہوشاب میں کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ دہشت گردوں سے اسلحہ اور ممنوعہ لٹریچر برآمد کر لیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں پشاور میں حساس ادارے کے اہلکار پر فائرنگ کی گئی جس سے اہلکار زخمی ہو گیا۔ ملزم ذیشان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مزید برآں پشاور کے علاقہ تہکال پلوسی میں نامعلوم افراد نے حساس ادارے کے اعلیٰ آفیسر کی گاڑی کو آگ لگا دی جس کے نتیجہ میں گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی جبکہ ملزمان آفیسر کیلئے دھمکی آمیز خط چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
انسپکٹر جاں بحق

ای پیپر-دی نیشن