کھیلوں کی ترقی کیلئے فنڈز کا حساب کتاب ضروری ہے: جہانگیر خان
لاہور (نمائندہ سپورٹس) کھیلوں کی ترقی کے لیے فنڈز کے استعمال کا حساب کتاب ضروری ہے احتساب ہونا چاہیے کہ کرکٹ فنڈز جاری ہوئے اور کتنے پیسے کس جگہ خرچ ہوئے جب تک اس معاملے میں احتساب کا عمل شروع نہیں ہو گا بہتری ممکن نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسکواش کے سابق عالمی چیمپئین جہانگیر خان نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اولمپکس مقابلوں میں پاکستان کی شمولیت کو دیکھ کر انتہائی دکھ ہو رہا ہے۔ ہم نے ماضی میں اولمپک مقابلوں میں میڈلز جیتے ہیں اور آج ہمارے سب کھلاڑی وائلڈ کارڈ کے ذریعے شرکت کر رہے ہیں۔ وائلڈ کارڈ کے ذریعے انٹری تو کھیل کے فروغ کے لیے دی جاتی ہے اصل کامیابی براہ راست کوالیفائی کرنا ہوتا ہے جسمیں ہمارے کھلاڑی ناکام رہے۔ کھیلوں کی موجودہ صورتحال افسوسناک ہے اولمپکس میں دنیا بھر کے بہترین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے میڈلز جیتیں گے اور ہمارے پاس میڈل کی کوئی امید نہیں ہے۔ تمام کھیلوں کے فنڈز کا حساب اور کھلاڑیوں سمیت سبکی کارکردگی کو مانیٹر کیا جانا ضروری ہے جب تک کھیلوں کے انتظامی امور کے ماہر افراد اس شعبے کو نہیں چلائیں گے کامیابی یا بہتری ممکن نہیں ہے۔