پٹیل برادری کے بعد دلتوں کا احتجاج لے بیٹھا، گجرات کی وزیراعلیٰ آنندی بین مستعفی
احمد آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات میں وزیراعظم نریندر مودی کی بااعتماد ساتھی آنندی بین پٹیل کو پٹیل پٹے داروں کے احتجاج کے بعد دلت برادری کا 15 روز سے جاری مسلسل احتجاج لے بیٹھا۔ بی جے پی قیادت کی ہدایت پر آنندی بین نے گزشتہ روز وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیدیا۔ فیس بک پر دی گئی پوسٹ میں آنندی بین پٹیل نے لکھا کہ انہوں نے نوجوان نسل کو قیادت کا موقع دینے کیلئے استعفیٰ دیا جبکہ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو میں بتایا استعفیٰ بی جے پی پارلیمانی بورڈ کو بھجوا دیا گیا ہے وہی اس پر فیصلہ کریگا۔ واضح رہے گجرات میں اگلے برس ریاستی انتخابات ہونے ہیں۔ جہاں مسلسل 16 سالوں سے بی جے پی برسراقتدار ہے۔اتوار کے روز بھی ان دلتوں نے احمد آباد میں دھرنا دیا اس دوران احتجاجاً زہر پینے والا نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا درجنوں نوجوانوں نے خود کشیوں کی کوششیں کیں جس کے باعث حالات قابو میں نہ آنے پر پارٹی قیادت کا دبائو تھا۔ یہی وجہ ہے کہ جسونت سنگھ‘ ایڈوانی اوریشونت سنہا کے بعد اب آنندی بین کو بھی سیاسی طور پر ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔