پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں کسی تبدیلی کے بغیر میدان میں اترنا چاہئے: ظہیر عباس
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ برمنھگم ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کو بغیر کسی تبدیلی کے میدان میں اترنا چاہیے۔ اس وکٹ پر ماضی میں پاکستان ٹیم چھ سو سے زائد رنز بھی بنا چکی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں کو دوسرے ٹیسٹ کی خامیوں پر قابو پا کر میدان میں اترنا ہوگا۔ انگش باولرز نے انہیں آوٹ نہیں کیا بلکہ اپنی غلطیوں سے آوٹ ہوئے ہیں۔ لارڈز ٹیسٹ کی کامیابی کو ذہن میں رکھ کر میدان میں اتریں۔ پاکستان ٹیم کی اگر پہلے بیٹنگ آتی ہے تو اسے چار سے ساڑھے چار سو رنز ضرور بنانے چاہیے۔ پاکستان ٹیم میں تینوں فاسٹ باولرز بائیں ہاتھ کے ہیں اگر ایک دائیں ہاتھ کا باولر شامل ہو جائے تو اچھا کمبنی نیشن بن سکتا ہے ویسے میرے خیال میں تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔