پی سی بی ہائی پرفارمنس کیمپ، بیٹنگ، بائولنگ، فیلڈنگ کی پریکٹس
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کھلاڑی کا ہائی پرفارمنس سکلز کیمپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری ہے۔ کیمپ کے دوسرے روز کھلاڑیوں نے این سی اے کے کوچز سٹاف کی زیر نگرانی بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ کے سیشن میں بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سابق کپتان یونس خان کا متبادل مل گیا ہے فی الحال اس کا نام منظر عام پر نہیں لایا جائے گا۔ نوجوان کھلاڑی میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ یونس خان کا متبادل بن سکے تاہم یہ اس کھلاڑی پر منحصر ہے کہ وہ اب وہ اتنی محنت جاری رکھتا ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کو اگر بہتر کرنا ہے تو تین سال تک ایسے ہائی پرفارمنس کیمپ جاری رہنے چاہیے۔ شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد کے بارے میں سلیکشن کمیٹی ہی بہتر بتا سکتی ہے کہ انہیں ہائی پرفارمنس کیمپ میں کیوں نہیں بلایا گیا ہے۔ شاید ہو سکتا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں کو اس کیمپ کی ضرورت ہی نہ ہو۔