والد کا میڈل حوصلہ بڑھانے کا سبب بنا:شاہ حسین شاہ
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کے اولمپیئن باکسر حسین شاہ کے بیٹے شاہ حسین شاہ ریو اولمپکس میں تمغہ جیت کر پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔حسین شاہ نے 1988 میں سیول اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا اور وہ اولمپکس مقابلوں میں انفرادی کھیلوں میں تمغہ جیتنے والے آخری پاکستانی کھلاڑی ہیں۔22 سالہ شاہ حسین شاہ جوڈو کے کھلاڑی ہیں اور انھوں نے براعظمی کوٹے کی بنیاد پر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ اولمپکس کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور انھیں اچھے نتائج کی امید ہے۔ میں نے سٹیمنا پر بہت توجہ دی ہے تاکہ میں زیادہ سے زیادہ وقت مقابلہ کرسکوں اور تھکاوٹ کا شکار نہ ہوں۔ جب آپ کا سٹیمنا بہتر ہوتا ہے تو آپ ذہنی طور پر بھی مضبوط ہوتے ہیں۔ اب میں خود کو پہلے سے زیادہ فٹ محسوس کرتا ہوں۔ میں نے سخت سے سخت مقابلے کا سامنا کرنے کے لیے سخت ٹریننگ کی ہے۔شاہ حسین شاہ کیلئے انکے والد کا اولمپک میڈل ہمیشہ سے حوصلہ بڑھانے کا سبب بنا ہے۔