سارک امیگریشن حکام کا اجلاس‘ ویزا نظام کو آسان بنانے کے معاملے پر غور
اسلام آباد (خبر نگار خصو صی) سارک امیگریشن حکام کا ساتواں اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا جس میں تاجر برادری، ثقافتی نمائندوں اور آفیشلز کیلئے ویزا کی سہولت کے سلسلہ میں ویزا کے عمل کو آسان بنانے کے پیش نظر سارک ویزہ استثنیٰ سکیم اور دیگر متعلقہ ایشوز کا جائزہ لیا گیا۔ سارک کے ویزہ عمل کے مطابق اجلاس میں ڈی جی امیگریشن و پاسپورٹ عثمان باجوہ کو چیئرمین کو منتخب کیا گیا۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سارک ویزہ استثنیٰ سکیم کا مقصد عوامی سطح پر روابط کی حوصلہ افزائی کرنا اور باہمی تبادلوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویزہ سکیم کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے سلسلہ میں اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ رکن ممالک کی گرانقدر تجاویز سکیم میں بہتری کیلئے معاون ہو گی۔ اجلاس میں سارک کی ویزا سکیم کو آن لائن درخواست نظام میں تبدیل کرنے کے سلسلہ میں سارک ویزہ سکیم کیلئے سکیورٹی سافٹ ویئر کا بھی جائزہ لیا گیا جو مرکزی ڈیٹا بیس کا حامل ہو گا اور یہ تمام رکن ممالک کیلئے فوری محفوظ تصور ہو گا۔