• news

حافظ آباد: جلائی گئی خاتون دم توڑ گئی‘ کراچی: نوجوان کو زندہ جلا دیا گیا

حافظ آباد /کراچی (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) حافظ آباد کے محلہ رحمت آباد میں سسرالیوں کی جانب سے مبینہ طور پر جلائی جانے والی خاتون موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گئی ۔مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی۔پولیس تھانہ سٹی نے مقتولہ کی ساس اور نند کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا جبکہ کراچی میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر نوجوان کو زندہ جلا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی رہائشی ثوبیہ بی بی کی 15 سال قبل حافظ آباد کے علاقہ کشمیر نگر میں جاوید اقبال نامی شخص سے شادی ہوئی،ثوبیہ کا خاوند رکشہ ڈرائیور ہے تین روز قبل ثوبیہ بی بی کا اپنی ساس اور نند سے جھگڑا ہوا جس پر مبینہ طور پر اس کی ساس سلیم اختر اور نند زہرہ بی بی نے اس پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس سے وہ بری طرح جھلس گئی۔ ثوبیہ بی بی کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاھور ہپستال لیجایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ جلائی جانے والی خاتون کی والدہ اور دیگر عزیزوں کا کہنا تھا کہ بچوں کو پہلے کھانا دینے پر اسکی ساس اور نند نے اسے پہلے تشدد کا نشانہ بنایا پھر اس پر تیل چھڑ ک کر آگ لگا دی ۔ ادھر بلال کالونی کراچی میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر نوجوان کو زندہ جلا دیا۔ پولیس کے مطابق سہیل ایف بی ایریا بلاک 16میں معیز سنٹر کا رہائشی ہے۔ سہیل کی بیوی سمیت 4ملزموں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ سہیل کی بہن نے میڈیا کو بتایا کہ سہیل اپنی بیوی کو لینے سسرال گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن