ری پبلیکن میں اختلافات کے باعث ٹرمپ ذہنی طور پر غیر متوازن ہو گئے
واشنگٹن (بی بی سی ڈاٹ کام، اے پی پی) ری پبلکن جماعت کی جانب سے امریکی صدارت کے لیے نامزد امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے پارٹی میں نئے اختلافات منظر عام پر آئے ہیں۔ ری پبلکن جماعت کے ڈونر میگ وٹمین نے ڈیموکریٹک جماعت کی جانب سے صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جذباتی خطابت نے قوم کو نقصان پہنچایا ہے۔ رپبلکن جماعت کے سینیئر رکن جان ہاپر ہیز نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے خیال میں ڈونلڈ ٹرمپ ’ذہنی طور پر غیر متوازن‘ ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ خضر خان کی فیملی بارے ریمارکس پر افسوس نہیں، مسلمان خاندان جن کے فوجی امریکہ کے حق میں لڑتے مارے گئے ہیں وہ ٹرمپ کے خلاف کھڑے ہو گئے ہیں۔ ٹرمپ نے خود پر صدر اوباما کی تنقید کے بعد جوابی وار کرتے ہوئے ان کے دورِ اقتدار کو تباہ کن قرار دیدیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ اوباما ممکنہ طور پر امریکی تاریخ کے بدترین صدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خارجہ پالیسی کے بارے میں اوباما سے کہیں زیادہ جانتے ہیں۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ہی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے سپیکر پال ریان اور سینیٹر جان مک کین کی سینٹرشپ کے لئے حمایت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔