• news

سندھ نہیں پنجاب میں بھی فوجی آپریشن کی ضرورت ہے: طاہرالقادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دہشتگرد ہمارے بچوں کا حوصلہ نہ توڑ سکے مگر حکمرانوں کی روایتی بے حسی اور پولیس کی نا اہلی کے باعث اغوا کی وارداتوں نے انہیں خوفزدہ اور والدین کو فکر مند کر دیا۔ قومی ایکشن پلان پر عمل ہوتا تو مجرم دندناتے نہ پھرتے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک لاہور کے رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ لاہور کے رہنمائوں نے 6 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے بریف کرتے ہوئے کہا کہ کارکن مسجد شہداء سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی مارچ کریں گے اور دھرنا دینگے۔ طاہر القادری نے کہا کہ وزیراعظم، وزیر اعلیٰ اور وزراء کے پاس عوامی تحریک کے پرامن احتجاج سے نمٹنے کے منصوبے بنانے کا تووقت ہے مگر بچوں کو تحفظ دینے کیلئے نہیں۔ اغوا کی حالیہ وارداتوں کے باعث سمر کیمپ ویران اور بچے تفریح سے محروم ہو گئے۔ ضرب عضب کی کامیابی سے علاقہ غیر میں تو امن بحال ہو گیا مگر پنجاب بدستور انتہا پسندوں، دہشتگردوں اور مجرموں کا بیس کیمپ ہے۔ صرف کراچی یا سندھ نہیں پنجاب میں بھی فوجی آپریشن کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن