لاہور: محبت میں ناکامی، فیصل آباد، ننکانہ میں گھریلو ناچاقی پر 3افراد کی خودکشی
لاہور/فیصل آباد/ننکانہ صاحب (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) لاہور میں محبت کی ناکامی پر، فیصل آباد اور ننکانہ صاحب میں گھریلو ناچاقی پر 3افراد نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تفصیل کے مطابق شیرا کوٹ کے علاقہ بابو صابو کے 20 سالہ نوجوان محمد حسن نے کمرے میں جاکر پنکھے سے رسی لٹکا کر گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی۔ اہلخانہ جب کمرے میں گئے تو اسکی گلے میں پھندہ لگی نعش لٹک رہی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق محمد حسن ایک لڑکی سے پیار کرتا تھا لڑکی نے اس سے شادی کرنے سے انکار کردیا جس پر اس نے خود کشی کرلی۔ فیصل آباد کے چک 224 ر۔ب فتح دین کے 28 سالہ ریحان اور چک 98ر۔ب علی پور بنگلہ کے 45سالہ رشید نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر زہریلی گولیاں کھالیں۔ دونوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تو راستہ میں ریحان دم توڑ گیا جبکہ رشید کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ننکانہ کے گائوں میر پور بھٹیاں کے چالیس سالہ نوجوان قاسم علی نے سر میں پسٹل کا فائر مارکر خودکشی کرلی۔ خودکشی کرنے کی کوئی وجوہات سامنے نہیں آئیں۔ پولیس کی تفتیش جاری ہے۔