کشن گنگا‘ ریتلے پاور منصوبے: پاکستان اب ثالثی عدالت میں جائے گا
لاہور (افتخار عالم‘ دی نیشن رپورٹ) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی منصوبے ’’کشن گنگا‘‘ اور ’’ریتلے پاور‘‘ کے ڈیزائن کے خلاف عالمی بنک کی مداخلت کے بجائے ثالثی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ یہ فیصلہ ماہرین سے تفصیلی مشورے کے بعد کیا گیا ہے۔ ثالثی عدالت 7 ارکان پر مشتمل ہوگی۔ پاکستان اور بھارت 2‘ 2 ارکان جبکہ 3 ارکان امریکہ اور دنیا کے 2 اعلیٰ ترین تعلیمی ادارے مقرر کریں گے۔ اس ثالثی عدالت کے ارکان عارضی ہونگے۔ ہالینڈ میں عالمی ثالثی عدالت نے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں دریائے جہلم پر کشن گنگا منصوبہ تعمیر کرنے کی اجازت دی تھی اور ساتھ ہی اس منصوبے کے ڈیزائن کے حوالے سے پاکستان کا اعتراض تسلیم کیا تھا۔ عالمی ثالثی عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں پاکستان اور بھارت کو مستقبل میں پانی کے تنازعہ پر ثالثی عدالت قائم کرنے کی اجازت دی تھی۔ حکام کے مطابق دی ہیگ کے فیصلے کے مطابق یہ معاملہ فل کورٹ کے سامنے رکھا جائے گا۔ اس سلسلے میں بھارت کو مطلع کیا جائے گا۔